دبئی، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں سرفراز احمد اور محمد عرفان کو دو درجے ترقی مل گئی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمن چوبیسویں اور فاسٹ بولر بارہویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ ٹیم سے باہر آف اسپنر سعید اجمل بولروں میں بدستور سرفہرست ہیں۔ ورلڈ کپ 2015 کے ابتدائی راؤنڈ کے خاتمے پر آئی سی سی نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بولنگ کے شعبے میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل بدستور ٹاپ پوزیشن پر فائز ہیں جبکہ پاکستان کو دو فتوحات دلانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز کو دو درجے ترقی کے ساتھ بیٹسمنوں میں24ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق رنز بنانے کے باوجود 13ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں اجمل کی ٹاپ پوزیشن پر جادوگری بدستور قائم ہے جبکہ ڈیل اسٹین کے علاوہ ورلڈ کپ میں 16 وکٹیں لینے والے مچل اسٹارک اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن کے ساتھ جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر پانچ بہترین بولرز میں شامل ہیں۔