نئی دہلی ۔3 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے صف بندی کے ایجنڈے کی توسیع و اشاعت کیلئے اویسی برادران جیسے لوگوں کا استحصال کررہی ہے اور معاشرہ میں نفرت اور باہمی مخاصمت پیدا کررہے ہیں ۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشک سنگھوی نے مجلسی رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی کے ایک بیان پر ردعمل میں یہ بات کہی ۔ ایک ویڈیو میں اکبر اویسی کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ وہ اور اُن کے بھائی صرف مسلمانوں کے ووٹوں کے ذریعہ پارلیمنٹ کی پچاس سیٹیں جیت سکتے ہیں۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہے۔ سنگھوی نے اویسی برادران کو برسراقتدار پارٹی کی ’بی ٹیم ‘ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی گھناؤنی چالوں کا محکمہ ہے جو اس قسم کی اوچھی سیاست کے ذریعہ اپنے مقاصد کی توسیع و اشاعت کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یہ وہ ٹیم ہے جس کا بی جے پی نے ماضی میں بار بار استعمال کیا ہے اور اب دوبارہ اپنے صف آرائی کے ایجنڈے نفرت اور دشمنی اور باہمی مخاصمت و تباہی کے لئے اس کا استعمال کررہی ہے ۔ یہ اویسی برادران جیسے لوگوں کا استحصال کرتی ہے ۔ سنگھوی نے کہاکہ بی جے پی کا واحد مقصد صرف ہندوؤں کو مسلمانوں ، ایک ذات کو دوسری ذات ، ایک علاقہ کو دوسرے علاقے ، ہندوستانی کو ہندوستانی کے خلاف صف آراء کرنا ہے تاکہ اُس کا فائدہ اُٹھاسکے ۔