اوکلاہوما میں قیامت خیز آندھی ،90 افراد ہلاک

کئی عمارتیں کھنڈر میں تبدیل ،ملبہ سے زخمیوں کی چیخ و پکار کی آوازیں ،ویسٹ مور میں وحشتناک تباہی سارا علاقہ جنگی خطہ میں تبدیل

بوسٹن / واشنگٹن 21 مئی ( پی ٹی آئی ) امریکی شہر اوکلا ہوما میں قیامت خیز آندھی و طوفان کے نتیجہ میں 20 بچوں کے بشمول 90 افراد ہلاک ہوگئے اور پڑوسی علاقہ میں بھی زبردست تباہی ہوئی ہے ۔ کئی رہائشی عمارتیں اور دو اسکولس طوفانی ہواؤں اور آندھی کی نذر ہوگئے ۔ اس قیامت خیز تباہی کے سبب اوکلاہوما اور مضافاتی علاقہ ’’ جنگی خطہ ‘‘ کا منظر پیش کررہے ہیں ۔ اس آندھی و طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دو میل چوڑائی پر پانی بہہ رہا تھا اور 320 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں ۔ اوکلا ہوما کے میڈیکل آفیسر نے 91 اموات کی کوشش کی ۔ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس دوران دو قریبی دواخانوں نے 145 زخمیوں کے شریک کئے جانے کی توثیق کی ہے جن میں 70 بچے بھی شامل ہیں ۔ مغربی مور سٹی پولیس نے کہا کہ متوفیوں کی قطعی تعداد بتانا ناممکن ہے کیونکہ اب بھی کئی علاقے ہیں جہاں تلاشی جاری ہے ۔ سیول افسران نے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی تباہ کن اور ہلاکت خیز آندھی ہے ۔ گورنر میری فالن نے کہا کہ ہمارے دل ان والدین کیلئے تڑپ رہے ہیں جو اپنے بچوں کی حالت کے بارے میں فکر مند ہیں ‘‘۔ امریکی صدر بارک اوباما نے اوکلاہوما میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا اور متاثرہ علاقہ کو وفاقی امداد روانہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔مسٹر اوباما نے اوکلا ہوما کی گورنر میری فالن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور بد ترین موسمی حالات کے متاثرین کیلئے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ 36 گھنٹوں کی آندھی اور طوفان کے سبب اس علاقہ میں کئی گھر اور عمارتیں کھنڈروں میں تبدیل ہوگئی ہیں ۔ گورنر میری فالن نے امدادی کاموں کیلئے قومی گارڈس کے 80 ارکان کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ شاہراہوں پر متعین پٹرول آفیسرس کو مزید چوکسی کا حکم دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آندھی و طوفان نے اوکلا ہوما کے سارے علاقہ کو 40 منٹ تک عملاً اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 32 کیلو میٹر تک پھیل گیا ۔ پلازا ٹاور تحتانوی اسکول سے درجنوں بچوں کو ملبہ سے زندہ نکال لیا گیا لیکن دوسرے منہدمہ اسکول سے زندہ بچائے جانے والے بچوں کی تعداد کا فوری طور پر کوئی علم نہیں ہوسکا ۔ اوکلا ہوما اسٹیٹ ایمرجنسی منیجمنٹ کے ترجمان جری لوکا نے کہا کہ آندھی سے قبل باہر نکلنے کے بعد پھنس جانے والوں کے زندہ بچ جانے سے متعلق معلومات کے حصول کیلئے خصوصی ٹیمیں گھر گھر ربط پیدا کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کئی افراد ہنوز لاپتہ ہیں ۔ جری لوکا نے کہا کہ اوکلا ہوما کا بڑا علاقہ عملاً ’’جنگی خطہ ‘‘ میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں ہر طرف عمارتیں کھنڈر میں تبدیل ہوگئی ہیں اور کھنڈروں سے زخمیوں کی چیخ و پکار کی آوازیں سنی جارہی ہیں ۔ ہر طرف کئی زخمی مرد ،خواتین اور بچے خود کو گھسیٹتے ہوئے کھنڈروں سے باہر آنے کی کوشش کرتے دیکھے گئے ۔ مورسٹی میں یہ دوسری خطرناک آندھی تھی 1969 میں ایسی ہی آندھی 36 افراد فوت ہوگئے تھے ۔ اس دوران زمین کی سطح پر اب تک کی سب سے زیادہ ہولناک اور طوفانی ہوائیں چلی تھیں ۔ آئیو وا ۔ کنساس اور اوکلا ہوما میں اتوار کو بھی آندھی آئی تھی ٹیکساس اور منی سوٹا سے اٹھنے والی آندھی کے زیر اثر تھی ۔ امریکی قومی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے یہ آندھی اب شمال مشرق کی سمت پیشرفت کررہی ہے ۔ اس دوران خطرناک ژالہ باری ہوسکتی ہیں اور ٹینس گیند کے سائز کے ’’اولے ‘‘ برسیں گے ۔ ریاست اوکلا ہوما کا ساتوان بڑا شہر مور جس کی آبادی تقریبا 55000 ہے پوری طرح تباہ ہوگیا ہے جہاں درجنوں عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں اور ہر طرف کھنڈر دیکھے جارہے ہیں ۔ اکثر سڑکوں پر بڑے درخت اور برقی کھمبے پڑے دیکھے گئے ۔