اوپنین پول کے تعلق سے فیصلہ حکومت کا کام:الیکشن کمشنر

نئی دہلی ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اوپنین پول کے تعلق سے حالیہ انکشافات کے پس منظر میں چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپتھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اوپنین پول کے بارے میں سفارشات پہلے ہی پیش کردی ہیں اور اس پر عمل آوری حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک ٹی وی نیوز چیانل کے اسٹنگ آپریشن میں کئے گئے انکشافات کا جائزہ لے رہا ہے۔

کانگریس اوپنین پولس پر تحدید کیلئے کوشاں
نئی دہلی۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بڑی ایجنسیوں کی جانب سے اوپنین پول کے نتائج میں مبینہ اُلٹ پھیر کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس نے آج الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے اس کی مداخلت چاہی تاکہ ایف آئی آر درج رجسٹرکراتے ہوئے ایسی حرکت میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری الزامات عائد کئے جائیں اور ان پر پابندی لگادی جائے ۔ کانگریس نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ کمیشن دستور کے آرٹیکل 324 کے تحت حاصل اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ چناؤ کو یقینی بنائے اور اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے پولنگ بند ہونے سے 48 گھنٹے تک اوپنین پولس پر امتناع عائد کردے ۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت اور دیگر الیکشن کمشنرس کو اپنے مکتوب میں اے آئی سی سی سکریٹری کے سی متل نے اس معاملے میں کمیشن کی فوری مداخلت چاہی اور زور دیا کہ مناسب ہدایات جاری کریں جن کے ذریعہ اس طرح کے اوپنین پولس کو حالیہ اسٹنگ آپریشن کے تناظر میں محدود کردیا جائے ۔