بھینسہ میں مختلف طلباء تنظیموں کا احتجاجی دھرنا
بھینسہ۔/2فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے مختلف طلباء تنظیموں ایس ایف آئی، پی ڈی ایس یو، اے آئی ایس ایف اور سی آئی ٹی یو کی جانب سے شہر کے تمام کالجوں اور مدارس کا بائیکاٹ کرواتے ہوئے شہر کے بس اسٹانڈ کے روبرو امبیڈکر مجسمہ کے سامنے ریاستی حکومت کے خلاف دھرنا منظم کیا جس میں تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ اس دھرنے کے دوران جے اے سی ضلعی جنرل سکریٹری ڈاکٹر راما کرشنا گوڑ اور مختلف طلباء تنظیموں کے ذمہ داران نے صحافیوں سے مخاطب کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ حکومت نے ضلع عادل آباد کے گریجن طبقہ کی عوام سے وعدہ کرتے ہوئے ضلع کے اوٹنور ڈیویژن میں گریجنا یونیورسٹی قائم کرنیکا تیقن دیا تھا لیکن جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست میں گریجنا یونیورسٹیوں کے قیام کی منظوری عمل میں آنے کے باوجود تلنگانہ حکومت ضلع عادل آباد کو نظرانداز کرتے ہوئے ورنگل میں گریجنا یونیورسٹی کے قیام کو منظوری دینے کیلئے احکامات جاری کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع عادل آباد ہمیشہ سے ہی ہر محاذ پر پسماندگی کا شکار ہے اور یہاں کی عوام محنت مزدوری طبقہ سے وابستہ ہے کیونکہ ضلع میں تعلیمی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی عوام تعلیم سے دور ہے۔ لیکن علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد تلنگانہ حکومت نے ضلع کو ترقی یافتہ بنانے اور تعلیمی ادارے قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے گریجنا یونیورسٹی قائم کرنے کا تیقن دیاتھا۔ تلنگانہ حکومت اس کے برعکس وعدہ خلافی کررہی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے وعدہ کے مطابق ضلع عادل آباد میں گریجن طبقہ کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے گریجنا یونیورسٹی کو ضلع کے اوٹنور شہر میں قائم کرے۔ اس دھرنے میں ایس مہیش( سی آئی ٹی یو) بھیم راؤ ( ایس ایف آئی) سائیناتھ ( پی ڈی ایس یو ) جے راہول ( اے آئی ایس ایف ) کے علاوہ جے اے سی ذمہ داران ایم راملو، سرینواس راج، گریدھر یجنے ، راجیش نائیک اور دیگر طلباء موجود تھے۔