سابق ڈی جی پی راملو کے دو نواسے اور ایک بھتیجے کی موت، علحدہ حادثات میں 8ہلاکتیں
حیدرآباد۔/25نومبر، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثات میں 8افراد بشمول دو خواتینہلاک ہوگئے۔ اوٹر رنگ روڈ علاقہ نارسنگی میں پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں صدرنشین تلنگانہ ٹورازم کارپوریشن و سابق ڈی جی پی پی راملو کے دونواسے اور ایک بھتیجہ بتائے گئے ہیں۔ حادثہ صبح کی اولین اوقات میں نارسنگی حدود کوکا پیٹ میں پیش آیا ۔ جس گاڑی میں یہ چار طالب علم سوار تھے وہ دودھ کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ گاڑی کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ برسر موقع تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس فوری مقام حادثہ پہونچ گئی۔ چار طلباء 21سالہ گیان دیو ولد دیاکر ساکن کندن باغ بیگم پیٹ،20سالہ اسمیت پوار ولد دگمبر پوار ساکن نارائن گوڑہ، 21سالہ ورون پوار ولد سبھاش پوار ساکن بنجارہ ہلز اس حادثہ میں برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ جبکہ اس حادثہ میں متوفی پوار کا بھائی راہول پوار شدید زخمی بتایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ لوگ اپنی اسکوڈا کار میں پٹن چیرو سے ایر پورٹ جارہے تھے کہ کوکا پیٹ میں یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ زخمی راہول پوار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کا خانگی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے جبکہ اس طرح کے ایک اور حادثہ میں جو چکڑ پلی پولیس حدود میں پیش آیا 18سالہ طالب علم وشال ریڈی ہلاک ہوگیا۔ اس طالب علم کا بھی تعلق سیاسی خاندان سے بتایا گیا ہے ۔ چکڑ پلی پولیس کے مطابق وشال ریڈی بی ٹیک کا طالب علم تھا جو موٹر سیکل پر آر ٹی سی چوراہا سے گذررہا تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ یہ طالب علم دومل گوڑہ کے ساکن راجند ر ریڈی کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ چکڑ پلی پولیس حدود میں پیش آئے ایک اور سڑک حادثہ میں38 سالہ سرینواس ہلاک ہوگیا جو خانگی ملازم اور چکڑ پلی علاقہ کا ساکن تھا۔ یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ چکڑ پلی حدود میں ایک آر ٹی سی بس کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 42سالہ اروند کمار جو آر بی آئی کا ملازم تھا علی آباد علاقہ میں رہتا تھا وہ کل موٹر سیکل پر نیا پل برج سے گذررہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہرکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 48سالہ پشپماں جو ہستنا پورم علاقہ کے ساکن وینکٹیش کی بیوی تھی کل 24نومبر کو اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر خاتون برسر موقع ہلاک ہوگئی۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 60سالہ لکشمی جو نارسنگی علاقہ کے ساکن کنکاراجو کی بیوی تھی اس خاندان کا تعلق ویسٹ گوداوری ضلع آندھرا پردیش سے بتایا گیا ہے 23نومبرکو خاتون بنڈلہ گوڑہ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔