اوول آفس میں دیاروشن کرکے اوباما نے پہلی بار دیوالی منائی

واشنگٹن ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے اوول آفس میں دیا روشن کرکے پہلی بار دیوالی منائی اور یہ توقع ظاہر کی کہ وائیٹ ہاؤس میں آنے والے ان کے جانشین بھی اس روایت پر عمل پیرا ہوں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ اوباما 2009ء میں وائیٹ ہاؤس میں شخصی طور پر دیوالی منانے والے پہلے امریکی صدر تھے۔ انہوں نے کل دیا جلانے کے بعد فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعہ اس لمحہ کو یادگار قرار دیا جہاں اوباما انتظامیہ میں چند ہندوستانی نژاد امریکی ملازمین بھی وہاں موجود تھے۔ اوباما نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر محسوس ہورہا ہیکہ وہ دیوالی منانے والے پہلے امریکی صدر بن گئے کیونکہ 2009ء میں انہوں نے شاندار پیمانے پر دیوالی منائی تھی اور وائیٹ ہاؤس میں دیوالی کی شاندار تقریب کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہیں یاد ہیکہ جب وہ اور مشیل اوباما نے ممبئی کا دورہ کیا تھا تو اس وقت بھی دیوالی کا تہوار تھا اور لوگوں نے ان کا زبردست استقبال کرتے ہوئے ان کے ساتھ رقص بھی کیا تھا۔