نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف حلقہ لوک سبھا رائے بریلی سے شعلہ بیان سادھوی اوما بھارتی کے مقابلہ کی قیاس آرائیوں کو بی جے پی نے آج عملاً ختم کردیا۔ بھارتی نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی جھانسی نہیں چھوڑیں گی۔ اوما بھارتی پہلے ہی حلقہ لوک سبھا جھانسی سے پرچہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔
بی جے پی کے ایک ترجمان سوہانشو ترویدی نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جہاں تک اوما بھارتی کا تعلق ہے وہ جھانسی سے مقابلہ کریں گی‘‘۔ ترویدی نے کہا کہ رائے بریلی اور امیتھی سے جہاں سے بالترتیب کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی مقابلہ کریں گے، بی جے پی نے تاحال اپنے امیدواروں کو قطعیت نہیں دی ہے۔ دو دن قبل یوگا گرو رام دیو نے حلقہ رائے بریلی سے اوما بھارتی کے مقابلے کی تجویز پیش کی تھی جس کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ اوما بھارتی، وہاں سے مقابلہ کریں گی۔