اولیاء کے آستانے قومی یکجہتی کے مراکز

ورنگل میں وداعی تقریب سے کمشنر پولیس سدھیر بابو کا خطاب
ورنگل۔/15مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گریٹر ورنگل پولیس کمشنر جی سدھیر بابو کے راچا کنڈہ پولیس جوائنٹ کمشنر کی حیثیت سے تبادلہ ہونے پر درگاہ قاضی پیٹ ورنگل میں سجادہ نشین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کی جانب سے وداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر کمشنر جی سدھیر بابو نے کہا کہ اولیائے کرام کے آستانے فیض و یکجہتی کے مراکز ہیں۔ شہر ورنگل کی قومی یکجہتی بھی تاریخی ہے یہ شہر امن کا گہوارہ ہے۔ اس موقع پر سجادہ نشین خسرو پاشاہ نے کہا کہ کمشنر سدھیر بابو کی خدمات ناقابل فراموش ہیں یہ سیکولر کمشنر رہے ، شہر میں پرامن و خوشگوار ماحول بنائے رکھنے میں یہ ہمیشہ کوشاں رہے۔ امام و خطیب مسجد افضلیہ درگاہ قاضی پیٹ کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں جانشین سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی سید شاہ بختیار بیابانی کی جانب سے سدھیر بابو کی شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔ اس موقع پر محمد کاظم علی صدر مسجد اقصیٰ باسط نگر صوبیداری، محمد قمر، ٹی آر ایس سینئر قائد محمد فاضل حسین، ایم اے نعیم سیاست اسٹاف رپورٹر ورنگل، جرنلسٹ ایس ایم سعید، محمد اسمعیل ذبیح ، محمد ناصر پاشاہ، حافظ امیر اللہ خان، حافظ بشیر الدین، محمد سجاد بیابانی و دیگر موجود تھے۔