اولیاء اللہ کے فیضان کا سلسلہ جاری و ساری

حیدرآباد۔۔27اگسٹ (پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے دین متین کی خدمت کیلئے چن لیتا ہے ۔ چنانچہ تاریخ شاہد ہے ہر زمانہ اور ہر علاقہ میں اللہ کے اسلام کی حفاظت اور تعلیمات اسلامی کے فروغ کے لئے صالحین امت کو مامور فرمایا جن سے مخلوق خدا فیضیاب ہوئی اور ہوتی آرہی ہے۔ ان نفوس قدسیہ نے اپنی حیات میں نمایاں خدمات انجام دیں اور اس دنیا فانی سے عالم بقاء کی طرف روانہ ہونے کے باوجود ان کے فیضان کا سلسلہ آج بھی جاری و ساری ہیں۔ ان خیالات کااظہارڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی نے کل رات عرس شریف حضرات اللہ نما شاہ ؒ و خدا نما شاہ ؒ احاطہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیفنس لیاب کوارٹرس کنچن باغ میں شرکت اور حاضری دینے کے بعد کیا۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے بزرگان دین اور اولیالء اللہ کو دین کی خدمت کے لئے منتخب کرلیا ہے۔ انہوںنے بلالحاظ مذہب و ملت عوام سے اپیل کی کہ وہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے خدمت خلق پر کام کریں اور پیام انسانیت کو عام کریں۔ عرس شریف حضرات اللہ نماء شاہ ؒ و خدا نما شاہ ؒبڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ جملہ مراسم بہ سرپرستی الحاج ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سابق رکن اسمبلی و قانون ساز کونسل بحسن خوبی انجام پائی۔ عرس شریف کی نگرانی وانتظامات میں جناب عرفان مستقطی‘ سلطان مسقطی‘ علی مسقطی‘ منان مسقطی‘ عادل مسقطی ‘ خالد مسقطی کے علاوہ دیگر نے حصہ لیا۔ عرس شریف میں معززین بشمول جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کے علاوہ سابق صدرنشین ریاستی وقف بورڈ مولانا الحاج سید شاہ افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ ‘ جناب علی الگوتمی ‘ زبیر بن سلیم العمودی ‘ محمد عتیق‘ محمد بشیراحمدکے علاوہ عقیدت مندوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔جبکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مسقطی خاندان کی جانب سے تقریباً 5500 سے زائد خواتین میں ملبوسات ‘ ساڑی اور شلوار خمیس کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور عام وخواص تناول طعام و تبرکات وغیرہ بھی تقسیم کئے گئے۔