اولمپک مقابلوں کے سیمی فائنل میں میری کوم کو شکست

برانز میڈل پر اکتفا، مینس مقابلوں میں ہندوستانی باکسرس کا ناقص مظاہرہ
ریوڈی جینیرو۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ ورلڈ چمپئن رہنے والی ایم سی میری کوم کو انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن کے اولمپک ٹسٹ مقابلہ میں برانز مڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ سیمی فائنل میں انہیں شکست ہوئی۔ لندن اولمپک برانز میڈلسٹ کو برازیل کے شہر ریوڈی جینیرو میں امریکہ کی ورجینیا فش کے مقابلہ پوائنٹس کے بنیاد پر شکست ہوئی۔ ریوڈی جینیرو آئندہ سال اولمپک گیمس کا میزبان ہوگا۔ جاریہ سال میری کوم پہلی مرتبہ بین الاقوامی مقابلہ میں شریک ہوئی ہیں۔ انہیں کندھے کے زخم کی وجہ سے دوری اختیار کرنی پڑی تھی۔ گزشتہ سال ایشین گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد سے وہ کھیلوں میں شریک نہیں ہورہی تھیں۔

دیگر 4 ہندوستانی اتھیلیٹس کو بھی مینس مقابلہ میں شکست ہوئی اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان عملاً ان مقابلوں سے باہر ہوگیا ہے۔ سابق کامن ویلتھ گیمس گولڈ میڈلسٹ منوج کمار ( 64کیلو) کو برطانیہ کے سیمویل میکسویل نے سیمی فائنل میں شکست دی۔ جبکہ ورلڈ چمپئن شپ میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے والے ستیش کمار (+91کیلو) کو بھی برطانیہ کے فریزر کلارک نے شکست دی۔ اسی طرح دوسرے مقابلوں میں پراوین کمار (91 کیلو) کو برازیل کو گائڈلسن ڈی اولیویریا اور شیام کاکرا (51 کیلو) کو ازبیکستان کے حسن بائے دسماتوف نے شکست دی۔