اولمپکس کے دوران غلط بیانی پر امریکی تیراک 10 ماہ کیلئے معطل

لاس اینجلس ، 8 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریو اولمپکس کے دوران لُوٹے جانے کے بارے میں غلط بیانی پر امریکی تیراک رائن لوکٹی کو دس ماہ کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔ ’یو ایس ٹو ڈے‘ کا کہنا ہے کہ یہ پابندی امریکہ کی اولمپک کمیٹی اور نیشنل سویمنگ اسوسی ایشن کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔ تاہم ان اداروں کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ریو اولمپکس کے دوران رائن نے دعویٰ کیا تھا کہ جب وہ ایک پارٹی کے بعد واپس اولمپک ولیج کی طرف آرہے تھے تو انھیں اور ان کے دیگر تین تیراک ساتھیوں کو بعض لوگوں نے بندوق کی نوک پر ٹیکسی میں لوٹ لیا جو پولیس کی وردی میں تھے۔ رائن اور ان کے تین ساتھی تیراکوں کے اس بیان کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا کیونکہ پولیس نے اُن کا یہ دعویٰ جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ لوٹے جانے کی کہانی من گھڑت تھی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ویڈیو شواہد بھی پیش کئے ، جس کے مطابق تیراکوں کے اس گروپ نے پٹرول پمپ کے ایک ٹوائلٹ میں توڑ پھوڑ کی تھی جس پر سکیورٹی گارڈز نے انھیں روکا تھا اور یہ معاملہ رفع دفع ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے کہ رائن کے مبینہ جھوٹے دعوے کے متعلق پولیس ان سے اچھی طرح پوچھ گچھ کر سکتی وہ برازیل سے واپس چلے گئے تھے اور برازیلی پولیس نے جھوٹا بیان دینے پر رائن لوکٹی کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا ہوا ہے۔ امریکی تیراک نے اس معاملے میں یہ کہتے ہوئے معافی مانگ لی تھی کہ انھوں نے شراب پی رکھی تھی۔ لیکن اب اُن کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس کیس میں اپنا دفاع کرنے برازیل آتے ہیں کہ نہیں۔ اس واقعے کے بعد تیراکی کا لباس بنانے والی کمپنی سپیڈو اور رالف لورین سمیت چار کمپنیوں نے رائن لوکٹی کی اسپانسرشپ بھی ختم کر دی ہے جس سے اُن کے مستقبل پر سوال اٹھ رہے ہیں۔