اولمپکس کا گولڈ ہنوز باقی:میری کوم

نئی دہلی۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈمیڈل جیتنے والی آئکن خاتون باکسر ایم سی میری کوم نے اپنی سبکدوشی کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ابھی واحد مقصد ٹوکیو اولمپک میں گولڈ میڈل کی کامیابی ہے ۔21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں میڈل جیتنے والی ہندستانی باکسر کے لئے ہندستانی باکسنگ اسوسی ایشن کی طرف سے منعقد استقبالیہ تقریب میں میری کوم نے کہاکہ کون کہتا ہے میں سبکدوش ہونے جا رہی ہوں۔میں نے اس بارے میں سوچا تک نہیں ہے ۔یہ تمام افواہ ہے ۔2020 کے اولمپک میں حصہ لینا یا نہیں لینا ایک الگ بات ہے لیکن میں واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ میں سبکدوش نہیں ہو رہی ہوں۔دولت مشترکہ کھیلوں میں میڈل جیتنے کا خواب پورا کرنے والی میری کوم سے ان کے اگلے ہدف کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ اب آگے ایشیائی کھیل، عالمی چمپئن شپ اور پھر اولمپک ہونے ہیں۔میں ان مقابلوں کی تیاری اپنی پوری کروں گی۔میرا اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے کا خواب ابھی پورا نہیں ہوا ہے اور مجھے یہ خواب پورا کرنا ہے ۔باقی سب خدا پر ہے کہ وہ مجھے اس منزل تک پہنچنے میں کتنی مدد کرتا ہے ۔مجھے اس کے علاوہ ہم وطنوں کی حمایت کی بھی ضرورت پڑے گی۔اپنے خواب کی راہ میں عمر کے آڑے آنے کے سوال پر برہم35 سال کی باکسر میریکوم نے کہاکہ کون بولا کہ عمر کوئی مسئلہ ہے ۔