اولمپکس میں میڈل کا حصول میرا مقصد : رابعہ شہزاد

کراچی۔یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویٹ لفٹنگ میں پاکستانی جونیئر چیمپیئن رابعہ شہزاد نے آئندہ اولمپکس گیمز میں میڈل حاصل کرنے کی ٹھان لی اور بھرپور ٹریننگ کا آغاز کردیا۔ چیمپیئنز کے گھرانے سے تعلق رکھنے والی 19سالہ رابعہ شہزاد 2020ء میں جاپان میں ہونے والے اولمپکس میں شرکت کرکے پاکستان کیلئے میڈل حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔اپنی بڑی بہنوں نیشنل ویمن بیڈمنٹن چیمپیئن ماہور شہزاد اور فریال شہزاد کی طرح محنت کرکے اسپورٹس کی دنیا میں تیزی سے اپنا مقام بنانے والی آئی بی اے میں بی بی اے کی طالبہ رابعہ شہزاد اپنے والد شہزاد احمد سے متاثر ہیں، جو روئنگ چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ رابعہ شہزاد نے پاور لفٹنگ میں قدم رکھا اورسنگاپور میں انٹرنیشنل چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا ، اب وہ ویٹ لفٹنگ میں قسمت آزمائی کررہی ہیں۔ انھوں نے جاپان کے شہر ٹوکیوںمیں ہونے والے اولمپکس 2020ء کو اپنا ہدف قراردیا جس کیلئے وہ ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ رابعہ شہزاد رواں سال فروری میں امریکہ کے شہر نیو کیرولینا میں ہونے والی انٹرنیشنل ویمن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کے بعد اپریل میں یوکرین جائیںگی اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ٹورو کھیٹی کی زیرنگرانی ٹریننگ میں ویٹ لفٹنگ کی تکنیکیوںکے ساتھ ٹریننگ حاصل کریں گی۔رابعہ نے کہاکہ میںذاتی اخراجات سے تربیت لے رہی ہوں اور انٹرنیشنل ا یونٹس میں شرکت کرتی ہوں اوربھرپور محنت سے کامیابی پر یقین رکھتی ہوں۔ رابعہ شہزاد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مناسب سرپرستی ضروری ہے۔ اولمپکس میں شرکت اور میڈل کا حصول میرا خواب ہے، مجھے امید ہے یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔