اولاد کی ماں باپ سے بے رحمی ، جائیداد کے خاطر ایسیڈ پینے کا دباؤ

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : اولاد کے دباؤ میں آکر ایسیڈ کا استعمال کرنے والا ضعیف جوڑا فوت ہوگیا ۔ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ سائبر آباد کمشنریٹ کے حدود الوال میں پیش آیا ۔ جہاں 52 سالہ لکشمی بائی اور اس کا 60 سالہ شوہر رامورتی ایسیڈ کا استعمال کرنے سے فوت ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق اس جوڑے کے بڑے بیٹے اور بہو نے جائیداد کی خاطر اپنے ضعیف والدین پر دباؤ ڈالا تھا ۔ اور ہر دن مبینہ طور پر یہ کہا کرتے تھے کہ تمہاری موت ہماری پریشانیوں کا حل ہے ۔ کل روزانہ کے دباؤ سے تنگ آکر اس جوڑے نے ایسیڈ کا استعمال کرلیا ۔ لکشمی کل رات فوت ہوگئی تھی ۔ اور رامورتی آج صبح علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ ضعیف جوڑا اپنے دو لڑکوں دیوانند اور یوگانند کے ساتھ اولڈ الوال علاقہ میں رہتا تھا ۔ یوگانند اپنی محنت مزدوری میں خوش ہے لیکن بڑا بیٹا دیوانند جو بے روزگار ہے شراب نوشی اور بے کاری میں مقروض ہوگیا تھا ۔ جس کے سبب دیوانند اور اس کی بیوی لاونیہ نے اپنے ضعیف والدین کو پریشان کرنا شروع کردیا تھا ۔ یوگانند کی بیوی نے پولیس کو بتایا کہ یہ دونوں اس ضعیف جوڑے کو کافی پریشان کیگ کرتے تھے ۔ گذشتہ روز انہوں نے اپنے ضعیف والدین کے سامنے ایسیڈ کی بوتل رکھ دی اور اس کا استعمال کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا اور بدسلوکی کی جس سے دل برداشتہ اس ضعیف جوڑے نے ایسیڈ کا استعمال کرلیا ۔ یہ بات انسپکٹر الوال مسٹر ایس وی ہری کرشنا نے بتائی اور کہا کہ ضعیف جوڑے کے بیٹے اور بہو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔۔