بھونگیر /8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کے مستقر بھونگیر کے کسان نگر میں واقع درگاہ حضرت سید شاہ برہان الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی عرس تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے تلنگانہ کے نائب وزیر اعلی محمد محمود علی نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات ہمیں یکجہتی، رواداری، عدم تشدد اور امن کا پیغام دیتی ہیں، جن پر عمل کرکے ہم ایک مثالی شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بزرگوں کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر اور اس پر ثابت قدم رہ کر ملک کی یکجہتی کو پڑوان چڑھا سکتے ہیں اور ساری انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسی عدم تشدد کی راہ پر چل کر 14 سالہ جدوجہد کے بعد کے سی آر نے تلنگانہ حاصل کیا، جس کے لئے ہر طبقہ کے عوام نے ان کا ساتھ دیا، اس سلسلے بالخصوص شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت نے شہدائے تلنگانہ کے خاندانوں کی کفالت کے لئے ایک مکان، خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت کے علاوہ دس لاکھ روپئے کی امداد دیتے ہوئے ایک قابل تحسین اقدام کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ نظام دور حکومت میں ریاست صرف متمول و خوشحال ہی نہیں تھی، بلکہ سارے ملک میں یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے ایک مثالی ریاست تھی، جس کی گاندھی جی نے بھی تعریف کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے آسرا، شادی مبارک، کلیان لکشمی، فوڈ سیکورٹی، اسکولس و ہاسٹلس میں باریک چاول کی سربراہی، سافٹ ویر، انڈسٹریل، فارما، برقی پلانٹس، مشن کاکتیہ کے ذریعہ زرعی آبپاشی کے پراجکٹس، واٹر گرڈس کا قیام کے علاوہ دیگر بے شمار اسکیمات و پراجکٹس متعارف کراتے ہوئے تلنگانہ کو ملک کی صف اول کی ریاست بنانے اور سنہرے تلنگانہ کے عزائم کو پورا کرنے کے لئے منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔ انھوں نے وقف اور سرکاری زمینات کے قابضین کے خلاف سخت اقدامات کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر متولی درگاہ خواجہ بشیر الدین نے درگاہ کو خود مکتفی بنانے کے لئے اپنی 45 سالہ خدمات و کار کردگی پر روشنی ڈالی اور زائرین کی سہولت میں اضافہ کے لئے درگاہ سے متعلق زمینات کی وقف بورڈ کی جانب سے بازیابی کے لئے جناب محمد محمود علی سے عاجلانہ اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ بھونگیر ایم پی ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ، بھونگیر ایم ایل اے پائیلا شیکھر ریڈی اور ریاستی ٹی آر ایس سکریٹری محمد منور خاں بھی تھے۔ اس موقع پر بھونگیر میونسپل چیرپرسن سوروی لاوینا، کونسلرس عبد الناصر، فتح محمد اور مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر ایم اے رحیم ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین بھی موجود تھے۔