اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ کوشش

ورنگل 5 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) غیروں سے زیادہ اپنوں نے بھی وقف جائیدادوں کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ،انارم شریف درگاہ کی آمدنی کو ورنگل کے مسلمانوں کی ترقی کیلئے خرچ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،عنقریب شہر ورنگل میں وقف کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار محمد امجد خان صدر ضلع وقف کمیٹی ورنگل نے حویلی عرس جاگیر ورنگل میں سجادہ نشین درگاہ حضرت قادر محی الدین قادری سید شاہ قادری کمال پاشاہ کی جانب سے منعقدہ نو منتخب ضلع وقف کمیٹی کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد امجد خان نے کہا کہ ورنگل میں موجود کئی ایک اوقافی جائیدادوں کا شہر کے درد مند حضرات کے تعاون سے تحفظ کیا گیا ۔ علاوہ اس کے کئی ایک اوقافی جائیدادوں پر نا جائز قبضہ ہوچکے ہیں ۔ ان جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی کئی زیر التواء کاموں کو جلد سے جلد تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جن کمیٹیوں اور متولی حضرات کے خلاف شکایت موصول ہونے پر بعد تحقیق ان کوبرخواست کرتے ہوئے نئے کمیٹیوں کی تشکیل دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کے اسٹیشن گھن پور منڈل کی عیدگاہ پر غیر مجاز تعمیری کاموں کو رکواکر اس اراضی کا سروے کروایا گیا ۔ علاوہ اس کے پمبرتی میں ریلوے کی جانب سے وقف اراضی پر تعمیر کئے جانے والے کاموں کو بھی روکا گیا ۔

ورنگل شہر میں موجود کروڑوں کی اراضی روبرو کلکٹریٹ مسجد کلاں ایوان شاہی میں واقع قدیم دوکانات کے مقام پر مقامی کمیٹی کے تعاون وقف کامپلکس کی تعمیر کے اقدامات بھی کئے جائیں گے جس کیلئے کوشش جاری ہے علاوہ اس کے قلب شہر ہنمکنڈہ چوراستے پر بس بے کی اراضی وقف بورڈ کی ہے جس پر بلدیہ ورنگل کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے یہاں بلدیہ کے تعمیری کاموں کو ہمدردان ملت کے تعاون سے روکا گیا ۔ جلد سے جلد وقف بورڈ بھی اس مسئلہ کی یکسوئی چاہتا ہے اس سلسلہ میں مسلسل ضلع اعلی حکام سے ربط میں ہیں تا کہ دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میںواقع انارم شریف درگاہ سے وقف بورڈ کو بھاری بجٹ جارہا ہے اس رقم کو ورنگل کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی میدان میں مسلمانوں کی ترقی کیلئے خرچ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جس کیلئے کوشش جاری ہے ۔

محمد امجد خان نے انہیں ورنگل ضلع وقف کمیٹی صدر بنائے جانے پر سابقہ چیر مین خسرو پاشاہ ،ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی پنالہ لکشمیا ،ریاستی وزیر بی سی ویلفیر بسوا راجو ساریا ،گورنمنٹ چیف وہپ گنڈرا وینکٹ رمنا ریڈی ،ایم پی ورنگل سی راجیا کانگریس اقلیتی قائد ایم اے باسط طاہر ،سابق فلور لیڈر محمد محمود و دیگر قائدین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سید شاہ قادری کمال پاشاہ نے نو منتخب صدر محمد امجد خان ،ارکان وقف کمیٹی ورنگل ایم اے حفیظ ، محمد خواجہ حسین الدین ، محمد شاہ امجد علی وحدتی ، محمد پٹیل کی شال پوشی و گل پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر ایم اے باسط طاہر ،ڈی سی پی ممبر ، محمد رؤف نائب صدر ڈسٹرکٹ مائناریٹی سیل کانگریس پارٹی ، محمد احمد خان سٹی بپلیسٹی سکریٹری کانگریس پارٹی ،سید تاج الدین مشتاق معتمد بزم ابوالخیرات ہنمکنڈہ ، محمد شعیب قادری ، محمد بابا ،خواجہ افسر الدین و دیگر موجود تھے ۔