نظام آباد:19؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیتہ العلما ہند نظام آباد نے درگاہ شریف حضرت کمال شاہ بیابانیؒ کے تحت وقف جائیدادکے تحفظ کیلئے سابقہ صدر ضلع وقف کمیٹی مسٹر محمد ماجد خان اور انکے رفقاء کی جانب سے چلائی گئی کامیاب تحریک اور مثبت بتائج کی ستائش کر تے ہوئے کہا کہ محمد ماجد خان نے جمہوری انداز میں سب کی دعائوں اور سچی لگن جستجو اور محنت کے ساتھ کام کیا ہے اس ناممکن کام کو کامیابی سے انجام دیا ہے اللہ تعالیٰ کی مرضی بھی شامل تھی۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی دفتر جمعیتہ العلماء بودھن روڈ پر عیدگاہ جدیدو قدیم انتظامی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تہنیتی تقریب کی صدارت کر تے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ محمد ماجد خان نے وقف جائیداد کے تحفظ کیلئے علمائے کرام سے ربط پیدا کیا اور رائے عامہ بھی حاصل کی ۔ مولانا نے کہا کہ جس جائیداد و زمین کو جس کام کیلئے وقف کیا جاتا ہے اسی منشاء وقف کے تحت ہی استعمال میں لایا جا سکتا ہے اگر وقف منشاء کے خلاف کام کیا جائے تووہ شرعی اور قانونی طریقے سے بھی غلط ہی ہوگا۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی نے محمد ماجد خان کی طرح اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے تحریک چلانے کیلئے مسلمانوں کو آگے آنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ریاست و ملک میں جتنی بھی اوقافی جائیدادیں ہیںان سے جو آمدنی حاصل ہوتی ہے مسلمانوں کی فلاح و بہبود ی پر خرچ کی جائے تو مسلمانوں کی معیشت سدھر جائیگی۔ اور مسلمانوں کو حکومت سے بھیک مانگنے کی بھی ضرورت نہیں پڑیگی۔ سابق صدر ضلع وقف کمیٹی محمد ماجد خان نے مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ درگاہ حضرت کمال شاہ بیابانیؒ کے تحت کروڑ ہا روپئے قیمتی جائیداد و اراضیات کا استحصال کر تے ہوئے متولی کی جانب سے وقف قوانین کی خلاف ورزی کر تے ہوئے نقصان پہنچانے کے اقدام پر جائیداد کے تحفظ کا فیصلہ کیاا پنے رفقاء کے ہمراہ دس دنوں تک زنجیری بھوک ہڑتال کی۔ وقف ٹاسک فورس انسپکٹر نے نظام آباد آکر سروے کیا اور روپورٹ پیش کی اس رپورٹ کو لے کر علمائے کرام سے رجوع ہوا۔ صدر ضلع اقلیتی سیل ٹی آر ایس مسٹر طارق انصاری نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وقف جائیدادوں کو اپنے ہی قوم کے مفاد پرستوں سے ہی نقصان پہنچا ہے۔ اس پروگرام سے مولانا حیدر قاسمی ، صدر عیدگاہ کمیٹی محمد افضل الدین ،مولانا عبدالقیوم شاکر وقف جائیداد کے تحفظ میں کامیابی حاصل کرنے پر محمد ماجد خان او ر ان کے رفقاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ وقف جائیدادیں اللہ کی ملکیت ہوتی ہیں۔ وقف جائیداد سے کوئی نفع حاصل نہیں کیا جا سکتا اورنہ ہی وقف کرنے والا اس وقف جائیداد کا مالک ہوتا ہے۔ کیونکہ ہر چیز کا مالک اللہ ہی ہوتا ہے۔ اس موقع پر مولانا سید ولی اللہ قاسمی نے سابقہ صدر ضلع وقف کمیٹی محمد ماجد خان کی شال پوشی اور محمد افضل الدین نے گلپوشی کر تے ہوئے تہنیت پیش کی اور انکے علاوہ ان کے رفقاء ایم اے جلیل افسرخان، محمد اسد، ڈاکٹر امان اللہ خان، ایم اے جاوید،سعید حمدان، خسرو احمد فاروقی، سید اصغر علی، محمد راحیل کی گلپوشی کی گئی۔ اس تقریب میں محمد صمصام الدین، عبدالمنان، راشدہمدرد، رئوف عارف،محمدافضل تیجان و دیگر حضرات موجود تھے۔