شاد نگر۔/20مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فرخنگرمنڈل تحصیل آفس میںخون کا عطیہ کیمپ کا ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر راجا رام کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ فرخنگر منڈل تحصیل آفس میں خون کا عطیہ کیمپ کے انعقاد میں ریڈ کراس سوسائٹی محبوب نگر، لائنس کلب، وی آر اوز اور راشن شاپ ڈیلروں نے تعاون فراہم کیا۔ ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر راجا رام نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دور حاضر میں ہر ایک بچہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ نمائندہ سیاست شاد نگر منصور علی خاں نے ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر راجا رام سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وقف جائیدادوں کی وقف بورڈ نے نشاندہی کرتے ہوئے گزٹ جاری کیا ہے۔ اس کے باوجود محکمہ مال ریونیو ریکارڈ میں وقف جائیدادوں کی صراحت نہیں کی جارہی ہے۔ وقف جائیدادوں کی صراحت نہ کرنے کی وجہ سے وقف جائیدادوں کی غیر قانونی خرید و فروخت ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سوال پر ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر راجا رام نے فرخنگر تحصیلدار پی چندرراؤ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع محبوب نگر بالخصوص شاد نگر تعلقہ میں کافی اور قیمتی وقف جائیدادیں ہیں ان تمام وقف جائیدادوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ شاد نگر تعلقہ کی تمام وقف جائیدادوں کو گزٹ کے مطابق ریونیو ریکارڈ کے ریمارکس کالم میں تحریر کرنے کی تحصیلدار بی چندر راؤ کو ہدایت دی۔ اس طرح پٹہ اگریکلچر اراضیات کو نان اگریکلچر کئے جانے والی اراضیات کو بھی ریمارکس کالم میں تحریر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تیقن دیتے ہوئے کہا کہ گزٹ میں شامل وقف جائیدادوں کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع محبوب نگر ایک بہترین ضلع ہے اور آئندہ کچھ سالوں میں ضلع محبوب نگر ترقی یافتہ ضلع بنے گا۔عنقریب وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رام نے ضلع کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی عوام بہترین عوام ہے آپسی تال میل عوام کے درمیان بہترین ہے۔ ضلع میں واقع ایریگیشن پراجکٹس سے عوام استفادہ کریں اور ضلع کو پولیوشن سے پاک بنانے کیلئے ضلع کے اعلیٰ عہدیدار کوشاں ہیں۔ پولیوشن کی روک تھام میں ہر ایک کے تعاون کو ضروری قرار دیا۔ خون کے عطیہ 109افراد نے دیا۔ ضلع ریڈ کراس سوسائٹی نٹراج نے بتایا کہ خون کا عطیہ دینے والے 90دن کے بعد دوبارہ پھر خون دے سکتے ہیں۔ضلع بھر میں تھیلسمیا مرض میں مبتلا 20کیسس ہیں ، خون کے عطیہ دینے والے شخص کو ایک سال کے اندر کوئی ناگہانی حادثہ پیش آنے پر 25ہزار روپئے انشورنس دیا جاتا ہے۔