بیجنگ ، ٹوکیو ۔ 5اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)یوایس اوپن چمپئن جاپان کی ناومی اوساکا یہاں چائنا اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہلا سیٹ گنوانے اور تیسرے سیٹ میں جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی جیسا کہ انہیں غیرمعروف ژانگ شوئی کو 3-6,6-4,7-5 سے شکست دی۔ 20 سالہ جاپانی کھلاڑی کو پہلے سیٹ میں ابتدائی دو سرویس گیمس گنوانے پڑے جس کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی جب ان کے ہاتھ سے مقابلہ پھسلنے لگا تو چمپئن کھلاڑی کی آنکھ نم ہونے لگی لیکن عالمی نمبر درجہ بندی میں چھٹے مقام پر فائز اوساکا نے دوسرے سیٹ میں خود کو سنبھالتے ہوئے کامیابی کی سمت آگے بڑھی۔ قبل ازیں چائنا اوپن کی ویمنز سنگل کوارٹر فائنل کی صف مکمل ہو گئی تاہم اس دوران پانچ سیڈڈ کھلاڑیوں کا سفر تمام ہوا جبکہ مینز سنگلز مقابلوں سے نمبر دو سیڈ کھلاڑی الیگزینڈر زویریو کو بھی رخصت ہونا پڑا۔چائنا اوپن کے ویمنز سنگل پری کوارٹر فائنل مرحلے میں بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے نمبر چار سیڈ فرنچ حریف کیرولین گارشیا کو 5-7،7-6 اور 6-0،چین کی چیانگ وانگ نے نمبر سات سیڈ کیرولینا پلسکووا کو 6-4 اور 6-4،کیٹرینا سینیاکووا نے نمبر گیارہ سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز کو 6-4اور 6-3،چین کی شوائی زینگ نے نمبر تین سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر کو 6-1،2-6 اور 6-0 اور نمبر آٹھ سیڈ جاپان کی ناؤمی اوساکا نے نمبر دس سیڈ جرمن حریف جولیا جارجز کو 6-1 اور 6-2 سے شکست دی جبکہ نمبر دو سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے ایسٹونیا کی انیٹ کونٹاویٹ کو 7-5 اور 6-4 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ مینز سنگل میں نمبر دو سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو کو تیونس کے ملک جزیری نے 7-6،2-6 اور 6-4 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دیگر میچوں میں جارجیا کے نکولوز باسیلاشویلی نے اسپین کے فرنینڈو ورڈاسکو،ہنگری کے مارٹن فکسووکس نے نمبر آٹھ سیڈ اٹلی کے مارکو سیچیناٹو اور نمبر چار سیڈ اٹلی کے فیبیو فوگنینی نے روس کے آندرے روبلیف کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔