نئی دہلی ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن اڈیا ( بی سی سی آئی) نے آج رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کھلاڑی ویراٹ کوہلی کو ’غیررسمی انتباہ‘ دیا کہ انھوں نے گزشتہ رات بنگلورو میں دہلی ڈیرڈیولس ( ڈی ڈی ) کے خلاف اپنے میچ کے دوران اپنی گرل فرینڈ انوشکا شرما سے ملاقات اور ہلکی پھلکی گفتگو کرتے ہوئے قواعد شکنی کی ہے۔ بی سی سی آئی نے اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ (اے سی ایس یو) جو آئی سی سی کا نگرانکار ادارہ ہے، اُس کی خدمات حاصل کررکھی ہیں تاکہ کرکٹرز کو حفاظت فراہم کی جاسکے اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران میدان پر اور ٹیم ہوٹل میں دونوں جگہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ اے سی ایس یو نے قواعد بنائے ہیں جو کرکٹرز کو اپنی گرل فرینڈز یا بیویوں سے تک کوئی میچ کے دوران ملنے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔ بی سی سی آئی عہدہ دار اور سابق آئی پی ایل چیرمین راجیو شکلا نے کہا، ’’ہمیں اس بات کو غیرضروری بڑھا چڑھا کر نہیں پیش کرنا چاہئے لیکن میں نے ان (کوہلی) سے بات کی اور انھیں بتا دیا کہ وہ جب تک میچ تکنیکی اعتبار سے سہی، ختم نہ ہوجائے، کسی سے بھی (میچ کیلئے غیرمتعلقہ) بات نہیں کرنا چاہئے۔ ایم چناسوامی ] اسٹیڈیم [ میں وی آئی پی انکلوژر اور پلیئرز ایریا کے درمیان محض ایک آڑ رہتی ہے اور شاید اسی لئے انھوں نے بات کرلی۔ اگر اے سی ایس یو حکام ہمیں مطلع کریں تو ہم یقینا انھیں متنبہ کریں گے مگر میں پہلے ہی اُن سے غیررسمی بات کرچکا ہوں اور انھیں کہہ دیا کہ ایسا نہ کیا کریں‘‘۔ یہ میچ اتوار کو ایم چناسوامی میں دہلی ڈیرڈیولس کے 187 رنز کے بعد آر سی بی کی جوابی اننگز میں محض سات گیندوں کے بعد ناسازگار موسم کے سبب ترک کردینا پڑا۔ یوں تو اس میچ کے امپائروں نے مقابلہ کو آخرکار رات 7:35 بجے بے نتیجہ قرار دیا، لیکن ایسا معلوم ہوا کہ کوہلی کو میچ کے حشر کا پیشگی پتہ چل چکا تھا کیونکہ جیسے ہی بارش شروع ہوئی، مسرور کوہلی تکنیکی اعتبار سے جاری مقابلے کے دوران ہی گرل فرینڈ انوشکا کے ساتھ خوش گپی کرنے لگے، جو پویلین سے متصل ہی بیٹھی تھی۔