اورنگ آباد ۔ 5 ۔ فبروری ( فیاکس ) مفتی عبدالمبین اظہر القاسمی نائب صدر صفا بیت المال ایجوکیشنل ویلفیر اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی اطلاع کے مطابق 7 فبروری بروز ہفتہ صبح 9 بجے تا دس بجے شب بمقام امپریل لانس ، کٹکٹ گیٹ ، اسلام دروازہ ، اورنگ آباد ، مہاراشٹرا میں صفا بیت المال کا سالانہ ریاستی تربیتی و تعارفی اجلاس و جلسہ عام بعنوان پیام محبت و انسانیت اور خدمت خلق منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں اورنگ آباد ، نانڈیڑ ، پربھنی ، لاتور ، جنتور ، بسمت ، ہنگولی ، سیلو اور منجلے گاؤں میں قائم صفا بیت المال کی شاخوں کے ذمہ داران ، متعلقین اور والینٹرس وغیرہ تشریف لائیں گے اور اپنی اپنی شاخوں کی رفاہی ، فلاحی و تعلیمی خدمات کی رپورٹ سنائیں گے ۔ اجلاس و جلسہ عام کی تفصیلات یہ ہیں ۔ تربیتی اجلاس صبح 9 بجے شروع ہوگا جس کی صدارت مولانا محمد مصدق القاسمی سکریٹری صفا بیت المال کریں گے ، جس کی نگرانی مولانا انیس الرحمن ندوی کریں گے اور مہمان خصوصی کے طور پر مولانا نسیم الدین مفتاحی ، جناب مبارک کاپڑی اور مولانا جاوید اختر خان رشادی شرکت کریں گے ۔ بعد نماز ظہر و ظہرانہ مرکزی صفا بیت المال کے جمیع شعبہ جات کا تعارف ہوگا اور مولانا غیاث احمد رشادی جمیع شاخوں کے ذمہ داران کو ہدایات دیں گے۔ بعد نماز عصر مہاراشٹرا میں قائم صفا بیت المال کے شاخوں کے صدور کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ بعد نماز مغرب تا دس بجے جلسہ عام زیرصدارت مولانا غیاث احمد رشادی مرکزی صدر منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس کی سرپرستی مولانا ریاض الدین فاروقی ندوی ناظم جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کریں گے جس میں بحیثیت مہمان خصوصی ، مولانا مفتی معزالدین ، مولانا ڈاکٹر عبدالرشید مدنی اور جناب عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر شرکت کریں گے ۔ جلسہ عام میں سولہ (16) اہم شخصیات کو خادم دین ایوارڈ اور خادم ملت و ہمدرد قوم ایوارڈ دیا جائے گا ۔ جلسہ عام میں کلیدی خطاب مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی ، خلیفہ مولانا پیرذوالفقار نقشبندی کریں گے ۔ جمیع ٹرسٹیان صفا بیت المال نے برادران اسلام سے شرکت و استفادہ کی درخواست کی ہے ۔