اوبلیش نے قیمتی کار دیکھ کر نتیانند کو حملہ کا نشانہ بنایا تھا

حیدرآباد 21 نومبر (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز کے بی آر پارک کے قریب صنعت کار کے نتیا نند ریڈی کو اغواء کرنے کی کوشش کرنے کے دوران اے کے 47 رائفل سے فائرنگ کرنے والے ریزرو کانسٹبل پی اوبلیش کی گرفتاری کا کمشنر پولیس نے آج اعلان کردیا ۔ پولیس کمشنر آفس بشیر باغ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ گرفتار کانسٹیبل کو پولیس عنقریب اپنی تحویل میں لیکر مزید پوچھ تاچھ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والے سی پی ایل عنبر پیٹ کے کانسٹیبل اوبلیش نے گنڈی پیٹ میںواقع گرے ہاونڈس ہیڈ کوارٹرس سے اے کے 47 رائفل کا بڑی چالاکی سے سرقہ کیا تھا اور اس مسروقہ رائفل کو اس نے اپنے آبائی مقام کرنول کے مضافی علاقہ اُرواکل کے پہاڑوں میں چھپادیا تھا ۔ مسٹر ننتیا نند ریڈی کے اغواء کی ناکام کوشش کرنے والے ریزرو کانسٹیبل کی تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ وہ تاوان کے لئے اغواء کرنے کے لئے اس نے رائفل کا سرقہ کیا تھا اور مسروقہ رائفل کو پہاڑوں میں چھپا کر اسے اکثر دیکھنے جایا کرتا ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ جاریہ سال فروری میں بھی اوبلیش نے ایک آئی اے ایس عہدیدار کے رشتہ دار کا اغواء کرکے اسے محبوب نگر منتقل کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے بطور تاوان حاصل کئے اور اس رقم سے اس نے ایک گاڑی خریدی اور تین لاکھ روپئے اپنے بینک اکاونٹ میں جمع کئے ۔اوبلیش اہم شخصیت کے اغواء کے منصوبہ سے وہ 18 نومبر کی شب کے بی آر پارک پہنچ کر ساری رات وہاں کی جھاڑیوں میں گذاری اور صبح نتیا نند کی لگژری کار کو دیکھ کر اس کار مالک کا اغواء کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ 7.30 بجے مسٹرنتیا نند ریڈی چہل قدمی کے بعد کار میں سوار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ اس نے اے کے 47 رائفل سے دھمکاتے انہیں اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھے اور تاوان کا مطالبہ کر کے اپنی پرتعیش زندگی کیلئے بھاری رقم حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ کمشنر پولیس نے مزید بتایا کہ سال 1998 میں پی اوبلیش نے اے پی ایس پی کی دوسری بٹالین میں شمولیت اختیار کی تھی اور بعدازاں وہ 2002 سے 2014 تک گرے ہاونڈس میں کمانڈو کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہے اور بعدازاں اسے سی پی ایل عنبر پیٹ میں متعین کیا گیا ۔ گرے ہاونڈس میں تعیناتی کے دوران اس نے اپنے ایک ساتھی گرے ہاونڈس پارٹی سے وابستہ ایک کانسٹیبل کی رائفل کا سرقہ کیا تھا اور اسے اپنے کوٹ میں چھپا کر گرے ہاونڈ دفتر سے باہر لیجانے میںکامیاب ہوگیا ۔ گمشدگی سے متعلق نارسنگی پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ مسٹر ریڈی کو اغواء کرنے کے دوران کانسٹیبل نے 10 راونڈ فائرنگ کی تھی اور بعدازاں وہ اپنا بیاگ اور رائفل چھوڑ کر فرار ہوگیا لیکن پولیس نے ایک شوروم کے سی سی ٹی وی کی مدد سے اوبلیش کی نشاندہی کرلی اور ٹاسک فورس اور ویسٹ زون پولیس کی ٹیموں نے اسے ضلع کرنول کے بدووارم پیٹ میں گرفتار کرلیا ۔کمشنر پولیس نے ضبط شدہ اے کے 47 رائفل ،کارتوس، چاقو ،رسی کا بنڈہ اور ویگ کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔