اوباما کا 9/11 ویٹو امریکی سینیٹ میں مسترد

ویٹو کیخلاف 97-1 ووٹ ،ایوان نمائندگان میں بھی ایسا ہی فیصلہ متوقع
واشنگٹن ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈا ٹ کام) امریکی سینیٹ نے 9/11 کے متاثرین کو سعودی عرب کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی اجازت دینے والے بل پر براک اوباما کے ویٹو کو آج غیرمعمولی اکثریت کے ساتھ مسترد کردیا جو ان کی 8 سالہ صدارت میں اس طرح کی پہلی سرزنش ہے۔ ویٹو کے خلاف 97-1 کی تاریخی ووٹنگ میں صرف اوباما کے عنقریب سبکدوش ہونے والے حلیف نیواڈا ڈیموکریٹ ہیری ریڈ نے اکثریتی رائے کے خلاف ووٹ دیا۔ آج دیر گئے ایوان نمائندگان میں بھی ووٹنگ کا کچھ اسی طرح فیصلہ سامنے آنے کی توقع ہے۔ اوباما کے اقدام کے خلاف سینیٹ کا اس طرح کا فیصلہ شاذونادر دیکھنے میں آیا ہے۔ اوباما نے دہشت گردی کے سرپرستوں کے خلاف قانون (جاسٹا) سے متعلق بل کے خلاف زبردست مہم چلائی تھی۔ سینیٹ کی مخالفانہ رائے اوباما کی صدارت کے آخری مہینوں میں سامنے آئی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ وائیٹ ہاؤس مزید کمزور ہوجائے گا۔ اوباما نے اپنی صدارت کے دوران 12 ویٹو جاری کئے ہیں۔ اب تک کسی کو بھی مسترد نہیں کیا گیا تھا جو بڑی نمایاں بات ہے کیونکہ کانگریس میں طویل عرصہ سے ریپبلکنس کا کنٹرول ہے۔ اوباما کے ریپبلکن پیشرو جارج ڈبلیو بش نے بھی 12 ویٹو جاری کئے تھے اور ان میں سے 4 مسترد کردیئے گئے۔