انگلینڈ 281 ، پہلی اننگز میں 145 رنز کی سبقت

برمنگھم ۔30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ای این بیل ، جو روٹ اور معین علی کی ہاف سنچریوں کی مدد سے انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایشز ٹسٹ کے آج یہاں دوسرے روز 281 رنز بنائے جو پہلی اننگز میں 145 رنز کی کلیدی سبقت ہے ۔ آسٹریلیانے پہلی اننگز میں صرف 136 رنز بنائے تھے ۔ میزبانوں نے اپنی پہلی جوابی اننگز کل کے اسکور 133/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور صبح جلد ہی مچل جانسن نے آسٹریلیا کو دو وکٹوں کے ذریعہ میچ میں واپسی کا راستہ فراہم کیا ۔ اس درمیان مچل اسٹارک نے روٹ کو 63 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کااسکور 182/6 کردیا ۔ بعد ازاں جوس بٹلر صرف 9 رنز بناکر ناتھن لیوان کا شکار ہوئے ۔ اس کے بعد معین علی اور اسٹورٹ براڈ کے درمیان اہم شراکت ہوئی ۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 87 قیمتی رنز جوڑے جس نے السٹر کک کی ٹیم کو آسٹریلیا کے مقابل پہلی اننگز میں سبقت لینے کے قابل بنایا ۔

معین علی 59 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ براڈ کا حصہ 31 رنز رہا ۔ قبل ازیں بیل نے شاندار شروعات کرتے ہوئے انگلینڈ کو بھاری سبقت کی اُمیدیں دلائی لیکن ہاف سنچری کی تکمیل کے بعد وہ لیوان کے مقابل بڑا ناقص شاٹ کھیل بیٹھے اور 53 رنز کے انفرادی اسکور پر کیچ کرلئے گئے ۔ کل ہی کپتان کک 34 اور آڈم لیتھ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے ۔

آج آسٹریلیا کی طرف سے جانسن کو صرف دو وکٹیں ملیں لیکن یہ اُن کیلئے ایک اہم سنگ میل کی تکمیل ثابت ہوئے جیسا کہ انھوں نے 300 ٹسٹ وکٹوں کی تکمیل کرلی ہے۔ آسٹریلیا کے دیگر بولروں میں جیسن ہیزل ووڈ اور لیوان نے فی کس تین وکٹیں لئے جبکہ اسٹارک کو دو وکٹ حاصل ہوئے ۔ اس درمیان دوسرے سیشن میں مہمانوں نے اپنی دوسری اننگز شروع کرلی جس میں انھوں نے ٹور کے کامیاب اوپنر کرس راجرس کی وکٹ کھودی جنھوں نے عرصہ بعد ہاف سنچری سے کم اسکور (6) کیا ۔ براڈ نے یہ پہلی کامیابی دلائی ۔ تادم تحریر 67/2 کے ٹیم اسکور میں دیگر اوپنر ڈیوڈ وارنر51* اورکپتان مائیکل کلارک کھیل رہے تھے ۔ اسٹیون اسمتھ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ آج صبح کے سیشن میں جس وقت جانسن نے تیزی سے دو کٹیں لئے اُس وقت انگلش ٹیم کی حالت بھی بڑی مشکل ہوچلی تھی اور ایک موقع پر اُن کا اسکور 190/7 ہوچکا تھا ۔ اس مرحلے پر معین اور براڈ نے لگ بھگ 20 اوورس کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو اہم سبقت دلائی ۔ معین نے 78 گیندوں کا سامنا کیا اور 11 چوکے لگائے ۔