انگلینڈ 255 رنز پر آل آؤٹ‘آسٹریلیا 164/9

ملبورن۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے یہاں ملبورن میںکھیلے جارہے ایشیز سیریز کے چوتھے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل پر اپنی گرفت کسی قدر مضبوط کرلی ہے جیسا کہ اس نے پہلی اننگز میں 255رنز پر آل آؤٹ ہونے کے باوجود میزبان آسٹریلیا کو 164رنز تک محدود رکھنے کے علاوہ اس کی 9وکٹیںحاصل کرلی ہے ۔ انگلش بولروں نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو پہلی اننگز میں سبقت دلانے کی کامیاب کوشش کرلی ہے کیونکہ آسٹریلیا کو انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور کی برابری کرنے کیلئے ہنوز 91رنز بنانے ہیں جب کہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی ہے ۔دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین 49گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43رنز بناکر کھیل رہے ہیں جبکہ بیٹنگ کیلئے آخری نمبر پر نیتھن لیون کل بیٹنگ کرنے وکٹ پر پہنچیں گے ۔ ہاڈین کے علاوہ آسٹریلیائی اوپنر کریس راجرس نے ٹیم کیلئے تاحال اعظم ترین انفرادی اسکور 61رنز کی اننگز کھیلی ہیں

جس کیلئے انہوں نے 171گیندوں کا سامنا کیا ۔ اپنی اننگز کے دوران راجرس نے 8چوکے لگائے ۔ آسٹریلیائی ٹیم کی پہلی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جیسا کہ 19کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر 14گیندوں دو چوکوں کی مدد سے 9رن بنانے کے بعد جیمس اینڈرسن کا پہلا شکار بنے ‘ جن کا وکٹوں کے پیچھے جیمی بیرسٹو نے کیچ لیا ۔ نمبر تین پر شین واٹسن نے 15گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 10‘ کپتان مائیکل کلارک نے 34گیندوں میں 10سنگلس رنز ‘ ڈیون اسمتھ 77گیندوںمیں تین چوکوں کی مدد سے 19رنز اسکور کئے ۔ ان بیٹسمینوں کے علاوہ دیگر کوئی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا ۔ جیسا کہ مڈل آرڈر میں جارج بیلی 19گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جب کہ میچل جانسن 30گیندوں میں دو رن ‘ ریان ہارس 27گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 6رنز اور پیٹر سیڈل پانچ گیندوں میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ کیلئے اینڈرسن نے 16اوورس میں 50رنز اوراسٹیورٹ براڈ 16.3اوورس میں 30رنز کے عوض فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

ٹم براسنن نے 18اوورس میں صرف 24رنز دیتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ گرائم سوان کی سبکدوشی کے بعد ٹیم کیلئے نمبر ایک اسپنر کی حیثیت حاصل کرنے والے مونٹی پنیسر نے 9اوورس میں 18رنز دیئے تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی ۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اپنے کل کے اسکور 226/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین پیٹرسن نے 161گیندوں کی اننگز میں 71رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین برسنن کل کے ہی ایک رن کے ہی اسکور پر آج صبح جانسن کا پہلا شکار بنے ۔ لوور آرڈر میں اسٹیورٹ براڈ نے 16گیندوں میں دوچوکوں اور جیمس اینڈرسن نے 24گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے فی کس 11رنز بنائے ‘تاہم اینڈرسن ناٹ آؤٹ رہے ۔ جانسن نے پھر ایک مرتبہ شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ نیز ہارس نے 47رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔