ناٹنگھم۔18 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے ریکارڈ 350 رنز کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دیدی۔ یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ نے 350 یا اس سے زائد رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا ہے۔ فتح کے ساتھ انگلینڈ سیریز کو 2-2 سے برابر کرنے میں بھی کامیاب ہوگیا ہے۔ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے کپتان کے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے انگلینڈ کو 350 رنز کا ہمالیائی نشانہ دیا۔ کیویز کی جانب سے کین ولیمسن 90، گرانٹ الیٹ 55 جبکہ مارٹن گپٹل 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلینڈ کا کوئی بھی باؤلر خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ مارک ووڈ نے اپنے مقررہ دس اووروں میں 49 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلیکس ہیلز نے ٹیم کو برق رفتار آغاز فراہم کرتے ہوئے صرف گیارہویں اوور میں 100 رنز کا شاندار آغاز فراہم کردیا
۔بعدازاں جو روٹ اور اوین مارگن کی سنچریوں نے انگلش ٹیم کی جیت کو یقینی بنادیا۔ روٹ 106 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مارگن 113 رنز بناکر ساؤتھی کا شکار بنے۔روٹ اور مورگن کے درمیان 198 رنز کی شراکت داری ہوئی جس نے انگلینڈ کی کامیابی کو یقینی بنادیا ، نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بولر متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکا۔ میٹ ہینری 77 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیکر نمایاں رہے۔انگلینڈ نے صرف 44 اوور میں ہی نیوزی لینڈ کے 350 رنز کے نشانہ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔شاندار سنچری پر مارگن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 210 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اوول میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 13 رنز سے شکست دی اور ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی لیکن چوتھے ونڈے میں انگلینڈ کے بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں شاندار واپسی کی اور سیریز کو 2-2 سے برابر کردیا جبکہ سیریز کا اگلا میچ ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔