سینٹ جارج۔28 فروری )سیاست ڈاٹ کام )کریس گیل کے 14 چھکوں پر مشتمل اننگز اور 97 گیندوں میں 162 رنز کے باوجود ویسٹ انڈیز ٹیم کو ریکارڈ 419 رنز کے تعاقب میں 29 رنز کم پڑ گئے جیسا کہ انگلش ٹیم کے 418/6 کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 48 اوورس میں 389 رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔ لوور آرڈر میں برامیتھ ویٹ نے 36 گیندوں میں 50 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھا حالانکہ ان کے علاوہ براوؤ (61) اور نرس (43) نے بھی ٹیم کی کامیابی کی کچھ امیدیں جگائیں۔ مارک ووڈ نے 60 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عادل رشید کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 85 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ویسٹ انڈین بولنگ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے چوتھے ونڈے میں 6وکٹ پر 418کا ہمالیائی اسکور بنایا۔ جوز بٹلر نے150 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، اس اننگز میں انہوں نے صرف 78 گیندوں کا سامنا کیا اور 12چھکے و 13چوکے لگائے۔کپتان مورگن 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رنز کی بہتی گنگا میں ہیلز (82) اور بیئراسٹو (56) نے بھی ہاتھ دھوئے، دونوں نے ٹیم کو 100رنز کا آغاز فراہم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔