لندن ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے سلواکیہ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر ورلڈ کپ میں رسائی کے امکانات روشن کرلئے ہیں۔ ناروے کو جرمنی کے مقابل 6-0 کی خفت اٹھانی پڑی ۔ لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں گروپ ایف کی ٹیموں انگلینڈ اور سلواکیہ کا مقابلہ ہوا۔سلواکیہ نے کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں گول داغ کر وین رونی کی انگلش ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بجائی۔ 37 ویں منٹ میں ایرک ڈائر نے مہارت دکھائی اور گیند کو جال کی راہ دکھاکر مقابلے کو 1-1 سے برابر کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے مارکس رشفورڈ نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کیااور سابق ورلڈ چمپیئن کیلئے بڑی راحت کی بات ہوئی کہ ورلڈ کپ 2018 ء میں اُن کی رسائی کے امکانات برقرار ہیں۔ گروپ سی میں ورلڈ چیمپئن جرمنی اور ناروے کے درمیان مقابلہ یکطرفہ رہا۔ جرمن ٹیم نے حریف کو 6-0 سے شکست دی ۔