انگلینڈ کے خلاف بھی تجربات کرنے کا منصوبہ:مکی آرتھر

دبئی۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کیخلاف ونڈے سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بھی تجربات پر کمر بستہ ہیں جو ورلڈ کپ سے قبل پانچ میچوں کی سیریز میں ’’فنشرز ‘‘تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔آسٹریلیا کیخلاف ناکامی کے باوجود سیریز کو اطمینان بخش قرار دینے والے مکی آرتھر کے مطابق اہم کھلاڑیوں کوآرام کروانا بعض لوگوں کیلئے موضوع بحث ہوگا لیکن انہیں اہم کھلاڑیوں کو باہر بٹھا کر ان پلیئرز کو آزمانا ہی تھا جو لسٹ اے میچوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے آئے ہیں۔ پاکستانی بیٹسمینوں کی جانب سے پانچ سنچریوں کو مثبت پہلو قرار دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کو ایک فاسٹ بولر بھی مل گیا ہے ۔
پاکستان کو جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگا:عماد
دبئی۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) شعیب ملک کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کیخلاف اختتامی دو ونڈے میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم جارحانہ کرکٹ کیلئے ضروری اقدامات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حارث سہیل اورمحمد رضوان اسی انداز سے کھیلتے ہوئے سوپراسٹارز بھی بن سکتے ہیں۔آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد عماد وسیم نے کہا کہ حارث سہیل نے جس انداز سے بیٹنگ کی وہ قابل ستائش ہے کیونکہ انہوں نے اپنی فٹنس پر سخت محنت کرتے ہوئے دو سنچریاں اسکور کیں تاہم کھلاڑیوں کی کارکردگی سے قطع نظر 5-0 سے ناکامی قابل قبول نہیں کہی جا سکتی لہٰذا اب کھلاڑیوںکو چاہئے کہ وہ انگلینڈ کیخلاف سیریز اورپھر ورلڈ کپ پر تمام تر توجہ مرکوزکردیں۔ عماد وسیم نے کہا کہ اب تمام افراد کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا تب ہی اندازہ ہو سکے گا کہ پلیئرز نے کیا کچھ کردکھایا اور انہیں کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹیم کو اپنی فیلڈنگ کے علاوہ فٹنس کو پیش نظر رکھنا ہوگا جبکہ اس بات کی بھی شدت سے ضرورت محسوس کی جا رہی ہے کہ جارحانہ کرکٹ کے حوالے سے کام کیا جائے جیسے کہ عابد علی نے چوتھے میچ میں اپنے معیارکا مظاہرہ کیا اور اگر محمد رضوان سمیت یہ کھلاڑی اسی انداز سے کھیلتے رہے تو سوپراسٹارز بھی بن سکتے ہیں۔ عماد وسیم کے مطابق اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آنے والے میچوں میں کون کھیلتا ہے کیونکہ سب کو آئندہ میچوں میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا،آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی ناکامی بہت بڑا نقصان ہے ۔