لارڈز ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے حالات ان کیلئے خوش قسمتی کی علامت ہیں اور وہ انگلینڈ میں فتح گر کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری آفیشل ویڈیو میں عامر نے سابق دورہ انگلینڈ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں اس دورے میں سب زیادہ وکٹیں لینے والا بولر تھا، تو آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہاں کی وکٹیں میرے لئے خوش قسمتی کی علامت ہیں۔تاہم اعدادوشمار سے عامر کی یہ بات غلط ثابت ہوتی ہے جہاں 2010 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی سیریز میں انہوں نے جیمز اینڈرسن سے چار وکٹیں کم لی تھیں۔چھ سال قبل اسپاٹ فکسنگ دورہ انگلینڈ پر ہی اسپاٹ فکسنگ کا شکار ہونے والے عامر لارڈز میں 14 جولائی کو شروع ہونے والے ٹسٹ کے ذریعہ اپنے ٹسٹ کیریئر کا ازسرنو آغاز کریں گے۔گزشتہ ماہ کاکول میں ہونے والے فٹنس پروگرام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے 24 سالہ عامر نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں اتنے سخت دور سے نہیں گزرے ۔