کولمبو۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کرکٹ نے اپنے سابق کپتان مہیلا جیاوردھنا کی جانب سے مجوزہ آئی سی سی ورلڈ ٹی۔20 میں مشاورتی رول حاصل کئے جانے پر افسوس و ناخوشی کا اظہار کیا ہے۔ جیاوردھنا انگلینڈ کے ساتھ بیٹنگ مشیر کی حیثیت سے برقرار رہیں گے جو متحدہ عرب امارات می منعقدہ سیریز میں بھی وہ یہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے چیرمین تھلینگا سمیتا پالا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’کسی کرکٹر کے لئے اپنے ریٹائرڈمنٹ کے فوری بعد کسی دوسرے ملک کی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہونا اچھا نہیں ہے‘‘۔ سمیتا پالا نے کہا کہ ’’میرا نظریہ ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے کسی کرکٹر کو کم سے کم 2 سال تک کسی دوسرے ٹیم کے ماہر کی حیثیت سے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے، کیونکہ وہ اپنی ٹیم کے اندرونی حالات، طاقت اور کمزوریوں کی معلومات رکھتا ہے۔ یہ راز حکمت عملی کا سوال ہوتے ہیں، نیز اسپورٹس میں یہ اخلاقیات کا سوال بھی ہے۔ جیا وردھنا سے مجھے کوئی شخصی دشمنی نہیں ہے، کیونکہ میں ان کی وسیع معلومات پر میں ان کا احترام کرتا ہوں گا‘‘۔ واضح رہے کہ جیا وردھنا 2014ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہوئے تھے جس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں سری لنکا کی ٹیم کی رینکنگ نچلی سطح پر پہونچ گئی ہے۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی۔ 20 میں سری لنکا اور انگلینڈ ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔