انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کامیابی

سڈنی ۔ 9 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش فاسٹ بولر کرس ووکس نے ورلڈکپ کی شاندار تیاری کا ثبوت دیا ہے جیسا کہ انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کی 9 وکٹوں کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ ووکس نے 7.3 اوورس میں 19 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس مظاہرہ کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 29.3 اوورس میں 122 رنز پر ڈھیر کردیا۔ جوابی اننگز میں انگلینڈ نے مطلوبہ نشانہ 22.5 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ووکس نے جارحانہ حریف بیٹسمین کرس گیل کو پہلے اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ کرتے ہوئے انہیں کوئی رن بنائے بغیر پویلین کی راہ دکھا دی۔ اس کے فوری بعد دوسری گیند پر ڈیرن براوؤ کو بھی آؤٹ کیا اور یہ بیٹسمین بھی کوئی رن نہیں بنا پایا۔ دریں اثناء لنڈل سمنس نے 5 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 45 رنز اسکور کئے ۔ اس موقع پر ووکس دوسری مرتبہ بولنگ کیلئے پہنچے اور سمنس کے ہمراہ اینڈری رسل کو بھی پویلین کی راہ دکھائی ۔ انگلینڈ کیلئے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین معین علی رہے جنہوں نے 9 چوکوں کے ہمراہ 43 گیندوں میں 40 رنز بناتے ہوئے این بیل کے ساتھ 70 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔