انگلینڈ کی فیصلہ کن شارجہ ٹسٹ میں کافی محتاط بیٹنگ

پاکستان کے 234 کے جواب میں انگلش ٹیم 222/4 ۔ مہمانوں نے دوسرے دن کے کھیل میں صرف 218 رنز بنائے

شارجہ ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف فیصلہ کن آخری ٹسٹ میں اپنی جوابی اننگز میں آج نہایت احتیاط کا مظاہرہ کیا جیسا کہ دن بھر 90 اوورز کے کھیل میں مہمان انگلش ٹیم کے صرف 218 رنز اسکور ہونے سے پتہ چلتا ہے، جس کیلئے انھوں نے چار وکٹیں کھوئے۔ السٹیر کک کی ٹیم نے کل میزبانوں کو ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کے انتخاب پر جیمز اینڈرسن (4/17) کی عمدہ
بولنگ کی مدد سے 234 پر آل آؤٹ کردیا تھا جس میں کپتان مصباح الحق نے صبرآزما 71 رنز کا ٹاپ اسکور کیا۔ آج صبح شعیب ملک نے اوپنر معین علی (14) کو جلد آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی اور پھر 139/4 پر انگلینڈ اپنے کپتان کک (49)، ایان بیل (40) اور جو روٹ (4) سے محروم ہوچکا تھا۔ یاسر شاہ کو دو اور راحت علی کو ایک وکٹ ملی۔ تاہم اس کے بعد سے جیمز ٹیلر اور جانی بیرسٹو نے لگ بھگ 30 اوورز کھیلتے ہوئے 83 رنز جوڑے اور مصباح کی ٹیم کو مزید کامیابی سے دور رکھا۔ ٹیلر 141 گیندوں میں 74 رنز اور جانی 94 گیندوں میں 37 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کیلئے جیت کا انحصار پہلی اننگز کی سبقت پر ہے کیونکہ انھیں آخری اننگز کھیلنا ہے۔