انگلینڈ کیخلاف ہندوستان کو9 وکٹ سے بدترین شکست

ٹرائی سیریز میں لگاتار دوسری ناکامی ، فائینل تک رسائی کیلئے آئندہ دونوں میچوں میں کامیابی لازمی
برسبین ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں جاری ٹرائی سیریز کرکٹ ٹورنمنٹ میں بے بس ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف آج لگاترار دوسری شکست ہوگئی۔ قبل ازیں پہلے میچ میں اس کو آسٹریلیا کے خلاف چار وکٹ سے شکست ہوئی تھی اور آج انگلینڈ کے خلاف 9 وکٹ سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جب ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 39.3 اوورس میں محض 153 ان کی مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح ٹرافی سیریز کے لئے اس کی مہم عملاً کمزور ہوگئی۔ ہندوستانی ٹیم کو آسانی کے ساتھ ڈھیر کرنے والی انگلینڈ کی فاتح ٹیم کو آج بھی کامیابی کے ساتھ مزید ایک بونس پوائنٹ حاصل ہوا۔ ہندوستان کے پانچ ٹاپ آرڈر بیٹسمین 19 اوورس میں 67 بناتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔ اسٹیون فن (5/33) اور ان کے پیرساتھی جیمس اینڈرسن (4/18) نے پیرس کیلئے معاون بنچ کا خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستانی بیٹسمین کو جلد پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔ صرف اسٹورٹ بنی ہی واحد ہندوستانی بیٹسمین تھے جنہوں نے ناسازگار صورتحال میں بھی خود کو پچ پر جمائے رکھا اور اپنے ساتھیوں میں سب سے زیادہ 44 رن بنایا۔ اوپنر اجنکیا راہنے (33)، ویراٹ کوہلی (4)، امباٹی رائیڈو (23) اور سریش رائنا (1) ناقص اور غلط شاٹس کھیلتے ہوئے آوٹ ہوگئے لیکن شکھردھون (1) کو اینڈرسن نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ کیچ آوٹ کردیا۔ انگلینڈ نے اپنی اننگز میں کامیابی کے اس معمولی ہدف کا پورے سکون و اطمینان کے ساتھ تعاقب کیا اور اس وقت کامیابی کے ساتھ مزید بشمول ایک بونس پوائنٹ 5 پوائنٹس حاصل کرلیا جبکہ 22 اوورس باقی تھے۔ انگلینڈ کے اوپنر این ایل نے ہدف کے تعاقب میں اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 9 گیندوں میں 88 رن بنایا اور ان کے ساتھی جیمس ٹیلر 63 گیندوں میں 56 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ ان دونوں نے اپنی ٹیم کے لئے 131 رن بنایا۔ ٹیلر نے کامیابی کے شاٹ کے طور پر چوکا لگایا جس کے ساتھ ہی انگلینڈ کا اسکور 27.3 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان سے 156 رن تک پہنچ گیا اور اس ٹیم کی کامیابی کے ساتھ کھیل ختم ہوگیا۔ انگلینڈ کے ایک دوسرے اوپنر معین علی صرف 8 رن کے معمولی اسکور پر اسٹیورٹ بنی کی گیند پر آوٹ ہوگئے تھے۔ ٹرائی سیریز میں اب میزبان آسٹریلیا لگاتار دو میچوں میں کامیابی اور 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس کے اعتبار سے سرفہرست ہے۔ دو کھیلوں میں 5 پوائنٹس کے حصول کے ساتھ انگلینڈ کو دوسرا مقام حاصل ہوگیا ہے۔ چنانچہ ہندوستان کو فائنل میں کوالیفائی ہونے کیلئے اب آئندہ دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگا۔