ٹسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست پر تشویش
کراچی ، 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی انگلینڈ کے مقابل او ڈی آئی اور T20 سیریز منعقدہ یو اے میں شکستوں سے متزلزل نیشنل سلیکٹرز کو ہیڈکوچ وقار یونس اور اُن کے سپورٹ اسٹاف سے جوابات مطلوب ہیں کہ ان میچوں میں کیا کچھ غلط ہوگیا۔ پاکستان نے ونڈے سیریز 1-3 سے ہاری اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تو 0-3 سے وائٹ واش ہوگیا، جس پر وہ آئی سی سی درجہ بندی میں نمبر دو سے چھ تک گھٹ چکے ہیں۔ پاکستانی ٹیم پہلے ہی او ڈی آئی رینکنگس میں نمبر 9 پر پچھڑی ہوئی ہے۔ یہ دونوں سیریز سے قبل تین ٹسٹ کی سیریز پاکستان نے مصباح الحق کی قیادت میں 2-0 سے جیتی تھی۔ بعدازاں ونڈے میچوں میں اظہر علی نے کپتانی کی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی باگ ڈور شاہد آفریدی کے پاس رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سرکاری ذریعہ نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ایک میٹنگ جمعہ کو لاہور میں منعقد کی جائے گی، جس میں ٹیم کے پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا، ’’یہ میٹنگ جس کی صدارت سربراہ بورڈ شہریار خان کریں گے اور نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی شرکت کریں گے، اس کا اہم پہلو یہ ہے کہ وقار، اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد اور چیف سلیکٹر ہارون رشید بھی وہاں طلب کئے گئے ہیں‘‘۔ اس ذریعہ کے مطابق یہ میٹنگ ہارون کی درخواست پر منعقد کی جارہی ہے، جو اس طرزعمل سے خوش نہیں جس طرح ٹیم مینجمنٹ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دستیاب کھلاڑیوں سے تجربات کرتا رہا۔ انگلینڈ کے مقابل مختصر فارمٹ میں ناکامیوں کا اثر کچھ ایسا پڑا ہے کہ چار رکنی سلیکشن کمیٹی بھی اتوار کو دبئی کیلئے پرواز کررہی ہے تاکہ پاکستان A اور انگلینڈ لائنس کے درمیان لمیٹیڈ اوور سیریز کا مشاہدہ کیا جائے۔