انگلینڈ کیخلاف آج پہلا ونڈے،ہندوستان کو ریکارڈ کا موقع

نوٹنگھم۔11جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ونڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں کامیاب آغاز کے ساتھ دوبارہ نمبر ون مقام حاصل کرنا اصل مقصد ہوگا۔ ہندوستان نے ٹوئنٹی20 سیریز کو 2-1 سے اور آئر لینڈ کے خلاف 2-0 سے سیریز جیت کر دورے کی اچھی شروعات کی ہے لیکن اصل چیلنج اس کا ابھی تصور کیا جارہا ہے ۔ اس سے پہلے ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں بھی راہول کو تیسرے نمبر پر موقع دیا گیا تھا جب انہوں نے ناٹ آؤٹ 101 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جبکہ ویراٹ کوہلی خود چوتھے نمبر پر اترے تھے ۔کپتان اگرچہ اپنے چوتھے نمبر پر بھی اچھی کارکردگی کرتے ہیں اور انہوں نے اس نمبر پر ناٹ آؤٹ 20، 47 اور 43 رنز کی اننگز کھیلی ۔اوپننگ میں روہت شرما اور شکھر دھون کی ماہر جوڑی کافی مضبوط ہے ۔ دوسری طرف تجربہ کار وکٹ مہندر سنگھ دھونی بھی اپنے چھٹے نمبر پر ہمیشہ اہم اننگز کھیلتے ہیں ۔ جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی نچلی صف میں اہم کھلاڑی ہیں جن سے کوہلی سب سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں۔ٹوئنٹی20 سیریز میں روہت کی برسٹل میں ناٹ آوٹ 100 رنز کی اننگز شاندار تھی لیکن ان کے جوڑی دار شکھر دھون فی الحال فارم میں نہیں ہیں جنہوں نے تین میچوں میں 5،10،4 رن کی اننگز کھیلی ۔بولنگ میںجسپریت بمراہ ونڈے سیریز سے بھی باہر ہیں جن کی جگہ شاردل ٹھاکر کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ نچلی صف میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے ساتھ ہی بولنگ میں بھی پانڈیا سے توقع رہے گی جنہوں نے فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میں38 رنز پر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے تھے ۔پانڈیا اچھی فارم میں ہیں تو سدھارتھ کول نے بھی گزشتہ میچ میں دو وکٹ لئے تھے ۔ اس کے علاوہ اسپنر کلدیپ یادو اور یجویندر کی جوڑی سے انگلش بیٹسمینوں کو الجھانے اور وکٹ حاصل کرنے کی سب سے زیادہ ذمہ داری رہے گی۔ہندوستان کے پاس تجربہ کار بھونیشور کمار اور امیش یادو کی شکل میں تجربہ کار جوڑی ہے ۔ دوسری طرف اچھے لائن اپ کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کو اس مرتبہ انگلینڈ میں موسم کے حالات کا بھی میزبان ٹیم کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مل سکتا ہے جہاں اس وقت معمول سے زیادہ گرمی کی وجہ سے پچ مزید خشک ہے جس سے موسم گرما سے آنے والی مہمان ٹیم کو فائدہ مل سکتا ہے ۔ہندوستانی ٹیم کے پاس اس وقت انگلینڈ سے ونڈے سیریز جیت کر اپنا پرفیکٹ10کا ریکارڈ بنانے کا بھی موقع ہے ۔ہندوستان نے سال2016 میں زمبابوے کیخلاف جون میں تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیتنے کے بعد مسلسل نو باہمی سیریز جیتی ہیں اور انگلینڈ میں سیریز میں جیت کے ساتھ وہ مسلسل 10 باہمی ونڈے سیریز جیتنے کا شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لے گا۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ جب 2014 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تب اس نے پانچ میچوں کی ونڈے سیریز 3-1 سے جیتی تھی۔انگلینڈ نے حال ہی میں آسٹریلیا سے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں پہلی مرتبہ 5-0 سے کلین سویپ کیا ہے اور اس کی کوشش ہندوستان کے خلاف بھی اسی فارم کو برقرار رکھنے کی ہوگی۔ اگرچہ ٹوئنٹی 20 سیریز گنوانے سے اس کا حوصلہ پست ہوا ہے۔