انگلینڈ کو شکست کا درد طویل عرصہ تک محسوس ہوگا :ہیری کین

ماسکو۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین نے کروشیا سے فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ہوئی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شکست کا درد ٹیم کو طویل عرصہ تک محسوس ہوگا۔ کروشیا نے اضافی وقت میں فاتح گول کرکے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے اور اب وہ خطاب کیلئے فرانس سے مقابلہ کرے گی۔میچ کے بعد مایوس انگلش اسٹرائیکر نے کہا یہ بہت مشکل ہے ،ہم بہت مایوس ہیں۔ ہم نے بہت محنت کی تھی، شائقین نے بہت حمایت کی، یہ مشکل میچ تھا اور 50-50 موقع دونوں ٹیموں کے پاس تھا۔ ہم واپس جاکر دیکھیں گے کہ کس سمت میں ہم بہتر کر سکتے تھے ۔کین نے کہا ہم جتنی محنت کر سکتے تھے ہم نے کی، یہ بہت تکلیف دہ ہے ، آپ کو اس طرح شکست کا درد تب زیادہ ہوتا ہے جب آپ کافی آگے تک پہنچ گئے ہوں، ہمارا ٹورنمنٹ میں سفر بہت اچھا رہا اور ہم نے جتنا سوچا تھا اس سے آگے تک آئے ۔انگلش کھلاڑی نے کہا ہم نے اچھے موقع بنائے اور1-0 سے برتری بھی حاصل کی لیکن بعد میں ہم گیند پر اتنا دباؤ نہیں بنا سکے ۔ اب بہت باتیں کی جا رہی ہیں لیکن شکست کا فرق بہت کم تھا۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ ہم کہاں غلط ہو گئے ۔ ہم کافی کچھ بہتر کر سکتے تھے لیکن کروشیا نے ہم سے بہتر کیا اور ہم کسی پر انگلی نہیں اٹھا سکتے ہیں۔