ہوبارٹ۔22جنوری( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں رواں سہ رخی سیریز میں کل میزبان ٹیم کا سامنا بلند حوصلوں کی انگلش ٹیم سے ہوگا ‘ جہاں آسٹریلیائی ٹیم اپنے اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود کامیابی حاصل کرتے ہوئے یکم فبروری کو کھیلے جانے والے فائنل میں رسائی کی خواہاں ہیں ۔ آسٹریلیا کیلئے انگلینڈ کے خلاف یہ مقابلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ ایک جانب میزبان ٹیم کو اپنے کپتان جارج بیلی کے علاوہ آسٹریلیائی ٹیم کوجارحانہ اور ان فارم اوپنر ڈیویڈ وارنر اور آل راؤنڈر شین واٹسن کی خدمات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔ کھلاڑیوں کی پابندی اور زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے ان کے مقام پر دوسرے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیاہے ۔ وارنر کے مقام پر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شان مارش کو طلب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ آرون فنچ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے ۔
علاوہ ازیں آل راؤنڈر شین واٹسن کے مقام پر ایک اور آل راؤنڈر مویسیس ہنریکس کو طلب کیا گیا ہے ۔ واٹسن گذشتہ روز پریکٹس کے دوران اپنے سیدھے پیر کے عضلات میں جکڑن کی شکایت کی ہے جس کے بعد وہ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ سے دستبردار ہوگئے ہیں ۔ اس ضمن میں آسٹریلیائی سلکٹر راڈلی مارش نے کہا ہے کہ ان فٹ ہوکر شین واٹسن کے ٹیم سے باہر ہوجانے کے بعد ینریکس کو ٹیم میں طلب کیا گیا ہے اور چونکہ ہنریکس کو بین الاقوامی کرکٹ کا بھی تجربہ ہے ‘ لہذا وہ واٹسن کے صحیح متبادل ہوں گے ۔ کپتان جارج بیلی کے مقام میں ایک آل راؤنڈر اور سابق کپتان کیمرون وائیٹ کو بھی ٹیم میں طلب کیا گیا ہے ۔ مذکورہ کھلاڑی آسٹریلیائی گھریلو ٹورنمنٹس میں شرکت کررہے تھے جنہیں بین الاقوامی ٹیم کی نمائندگی کیلئے طلب کئے جانے کے بعد فرنچائیز نے اجازت دے دی ہے ۔
انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیائی ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی کی خواہاں ہے جبکہ انگلش ٹیم جس نے اپنے گذشتہ مقابلے میں عالمی چمپئنس ہندوستان کو جامع انداز میں شکست دی ہے وہ بلند حوصلوں کے ساتھ آسٹریلیا کو شکست دینے کی کوشاں ہے ۔ آسٹریلیا نے اپنے افتتاحی مقابلے میں انگلیڈ کوبہ آسانی شکست دی تھی جبکہ ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں بھی زیادہ ترمیزبان ٹیم کا ہی غلبہ رہا‘ حالانکہ افس مقابلے میں کچھ وقت کیلئے ہندوستانی بولروں نے میزبان بیٹسمینوں کو جلد آؤٹ کرتے ہوئے دلچسپی پیدا کی تھی لیکن آسٹریلیا کو کامیابی سے روک نہیں پائے ۔ آسٹریلیا کیلئے اس کے بولروں اور بیٹسمینوں دونوں نے ہی بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ انگلینڈ کے بولروں نے ہندوستان کے خلاف انتہائی شاندار مظاہرہ کیا ہے
جس کی بدولت ایک آسان نشانہ کے تعاقب میں ٹیم کے سینئر اوپنر این بیل نے فام میں واپسی کرلی ہے ۔ بیل ٹیم کے سابق کپتان السٹرکُک کے مقام پر اننگز کا آغاز کررہے ہیں اور ان پر ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے اور انفرادی طور پرایک بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری عائد ہے ۔ نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیلر نے گذشتہ مقابلے میں نصف سنچری اسکور کی ہے ‘ نیز ٹیم کے نئے کپتان این مورگن نے پہلے ہی مقابلے میں سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنے فام میں ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ انگلش بولروں میں جیمس اینڈرسن کی ٹیم میں اور اسٹیون فن کی فام میں واپسی بھی مہمان ٹیم کیلئے خوش آئند ہے جیسا کہ فن نے ہندوستان کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ میزبان ٹیم کی اسم قابلے میں قیادت اسٹیو اسمتھ کررہے ہیں جو کہ ٹسٹ سیریز کی کامیاب قیادت کے تسلسل کو سہ رخی سیریز میں بھی آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔