انگلینڈ ورلڈ کپ خطاب کیلئے پرعزم:مورگن

لندن ۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے 30 مئی کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے تعلق سے کہا ہیکہ ان کی ٹیم ٹورنمنٹ کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں پاکستان کو 4-0 سے شکست دینے کے بعد انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے لئے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ مقابلہ کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ 32 سالہ مورگن نے ورلڈ کپ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت سب سے بہتر حالت میں ہیں۔ ہم نے بہت بہترین مظاہرہ کیا ہے اور 2015 کے آغاز میں میں نے اس بارے میں سوچا بھی نہیں سکتا تھا۔ انگلینڈ کے ٹسٹ کپتان جیو روٹ نے بھی مانا کہ ٹیم کا موقف بہتر ہے۔ میزبان ٹیم نے2017 میں ہوئی چمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل تک کا سفر طے کیا تھا۔ اس آخری چار میں پاکستان کے خلاف شکست جھیلنی پڑی تھی۔ روٹ نے کہا طویل وقت بعد ہم کسی بڑے ٹورنمنٹ کے لئے اس طرح تیار ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہر چیز صحیح ہو رہی ہے۔ اب صرف ہمیں صحیح وقت پر بہترین مظاہرہ کرنا ہے۔ انگلینڈ نے 1979، 1987 اور 1992 میں فائنل کھیلا تھا لیکن چار سال پہلے وہ گروپ مرحلے سے ہی باہر ہو گیا تھا۔