کینڈی۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے اسپن تکڑی جیک لیچ، معین علی اور عادل راشد کی زبردست بولنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن اتوار کو صرف 30 منٹ کے کھیل کے بعد 57 رنز سے جیت اپنے نام کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے ناقابل تسخیر برتری اپنے نام کر لی۔انگلینڈ نے سری لنکا کے باقی تین وکٹ 30 منٹ کے اندر نکالتے ہوئے پوری ٹیم کو 74 اوور میں 243 رن پر سمیٹ میچ اور سریز اپنے نام کر لی۔ انگلش ا سپنر لیچ نے آخری سری لنکا بلے باز ملنڈا پشپاکمارا کو کیچ اینڈ بولڈ کیا اور اپنے پانچ وکٹ بھی پورے کر لیے ۔ معین نے چار اور عادل نے ایک وکٹ لیا۔ انگلش اسپنر نے میچ میں 20 میں سے 18 وکٹیں حاصل کیں۔انگلش ٹیم نے سری لنکا کے سامنے دوسری اننگز میں 301 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 243 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا نے صبح اننگز کا آغاز کل کے سات وکٹ پر 226 رن سے آگے کیا تھا۔ اس وقت بلے باز نروشن ڈکویلا 27 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔ ڈکویلا نے 43 گیندوں میں تین چوکے لگائے اور 35 رنز بنا کر علی کے ہاتھوں آٹھویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد سرنگا لکمل کو بھی علی نے دو گیند بعد ہی بولڈ کر کھاتہ بھی کھولنے نہیں دیا اور سری لنکا کا نواں وکٹ گرا دیا۔ لیچ نے پھر پشپاکمارا کو ایک رن پر اپنی گیند پر لپکا اور سری لنکا کی اننگ سمیٹ دی۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں 124 رنز کی سنچری کھیلنے والے کپتان جو روٹ مین آف دی میچ بنے ۔ سال 2015-16 میں جنوبی افریقہ کو اس کی زمین پر شکست دینے کے بعد یہ انگلینڈ کی غیر ملکی زمین پر پہلی ٹسٹ سیریز جیت ہے جبکہ روٹ کی کپتانی میں بیرون ملک میں پہلی جیت ہے ۔ دنیا میں تیسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ نے اسی کے ساتھ موجودہ نمبر ایک ہندستانی ٹیسٹ ٹیم کو بھی سرفہرست جگہ کیلئے چیلنج دے دیا ہے ۔روٹ نے میچ کے بعد اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ٹیسٹ میچ کو دلچسپ اور چیلنجنگ بتایا۔ سیریز کا آخری ٹیسٹ کولمبو میں 23 نومبر سے شروع ہو گا۔