سری لنکا 305/5 ۔ انگلینڈ 309/4 ، اوپنر جیسن کے 162 رنز
اوول ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) جیسن رائے کی دھواں دھار سنچری کے بل بوتے پر انگلینڈ نے سری لنکا کو چوتھے ونڈے میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔ دوسرے آخری میچ میں اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سیریز میں پہلی مرتبہ سری لنکائی بلے بازوں نے انگلش بولروں کی خوب دھلائی کی۔ بد قسمتی سے خراب موسم اور بارش کی وجہ سے سری لنکن اننگز 42 اوورز تک محدود کر دی گئی۔ اس کے باوجود آئی لینڈرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ سری لنکا کی طرف سے چار ہاف سنچریاں بنیں۔ اوپنر دانشکا گناتیلکا (62)، کوشل مینڈیس (77)، دنیش چندیمل (63) اور کپتان انجیلو میتھیوز (67*) نے ٹیم اسکور کو 305 تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کیا۔ جواب میں انگلش اننگز کا پُراعتماد آغاز نہ ہوسکا اور پہلی وکٹ 18 رنز پر ہی گرگئی جب معین علی (2) کو نوان پردیپ (2/78) نے پویلین لوٹا دیا۔ تاہم جیسن اور جوو روٹ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نہ صرف اہم میچ میں فتح بلکہ سیریز میں 2-0 کی ناقابل عبور سبقت بھی دلائی۔ ’مین آف دی میچ‘ جیسن 162 اور روٹ نے 65 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلے۔ دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے 149 رنز کی تیزرفتار رفاقت نبھائی۔بعد میں کپتان مورگن نے 22 رنز بنائے اور مڈل آرڈر میں جانی بیرسٹو (29*) اور جوس بٹلر (17*) نے اپنی ٹیم کو 40.1 اوورز میں 309/4 کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ پانچواں و آخری ونڈے کارڈف میں ہفتہ 2 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ڈسپلن، سخت محنت ضروری : کوہلی
بنگلورو ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ ڈسپلن اور سخت محنت اُن کے کریئر میں اولین ترجیحات ہیں اور وہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے پر آمادہ رہتے ہیں تاکہ حال کو بہتر بنایا جاسکے۔ وہ اپنی مثالی کارکردگی کے ذریعہ نہ صرف انڈین کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمن کا درجہ حاصل کئے بلکہ نوجوانوں کیلئے مثال بھی بن چکے ہیں۔ کوہلی کا ماننا ہے کہ دوسروں کیلئے مثال بننا بھاری ذمہ داری ہے۔