انگلینڈ نے ونڈے سیریز4-0 سے جیت لی

ساؤتھمپٹن۔30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کیخلاف ونڈے سیریز میں انگلینڈ نے 4-0 سے اس وقت کامیابی یقینی بنائی جب پانچویں اور آخری مقابلے میں 289 کا ہدف محض ایک وکٹ پر عبور کرلیا گیا۔ مین آف دی میچ جانی بیئراسٹو نے ناقابل شکست 141 رنز اسکورکئے۔ سیریز کے پانچویں میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالنے سے پہلے انگلش ٹیم نے ٹام کرن جبکہ ویسٹ انڈیز نے سنیل امبرس کو کرئیر کے آغاز کا موقع دیا۔گیل نے پانچ چھکوں اور ایک چوکے سمیت 40 اور کائیل ہوپ نے 33 رنز بنا کر نصف سنچری کا آغاز فراہم کیا۔ شائی ہوپ نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن مارلن سیمیولز نے 32 رنز کیلئے 60 بالز خرچ کر ڈالیں اور رن ریٹ سست پڑ گیا۔ بعد میں جیسن محمد نے 25سنیل امبرس نے ناقابل شکست 38 اور ایشلے نورس نے ناقابل تسخیر 31 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کو چھ وکٹوں پر 288 رنز تک پہنچا دیا۔ انگلینڈ نے جوابی اننگز کیلئے میدان سنبھالا تو جیسن روئے اور جانی بیئراسٹو نے کپتان جیسن ہولڈر سے محروم بولنگ کو تماشہ بنا کر رکھ دیا اور بائیسویں اوور تک قائم ہونے والی 156 رنز کی شراکت نے مہمان ٹیم کو میچ سے باہر نکال دیا۔ جیسن روئے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 96 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔یادرہے ویسٹ انڈیز کے لئے اس سیریز میں کامیابی ورلڈکپ2019 میں راست رسائی کیلئے اہم تھی کیونکہ کامیابی کو صورت میں وہ ورلڈکپ میں راست رسائی حاصل کرسکتی تھی۔