شارجہ ۔ 2 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست پر مایوس پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ حالیہ ناکامی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اس ناقص کارکردگی کے سنجیدگی کے ساتھ تجزیہ کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ انگلش ٹیم کی ٹسٹ میچزمیں شکست کے بعد ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی کیلئے اُن کے بہترین فٹنس کو کریڈٹ دینا ہوگا۔ 20اوور کی کرکٹ بہت تیز ہے جس کے سبب برابری سے مقابلہ نہیں کر سکے ، مسلسل مواقع فراہم کرنے پر عمر اکمل سمیت کچھ نوجوان کھلاڑی قطعی نہیں سیکھ رہے ہیں ۔ لہٰذااب سلیکٹرز کو بہت کچھ سوچنا پڑے گا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 3-0 کی شکست نے پاکستانی ہیڈکوچ کو بھی حیران کردیا جو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے محض چار ماہ قبل اپنی ٹیم کو بکھرا ہوا گروہ دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف شکست آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے کیونکہ اس سیریز میں کئی ایسی خامیاں نظر آئیں جو اس سے پہلے دکھائی نہیں دی تھیں اور یہی دونوں ٹیموں میں سب سے بڑا فرق بن گئیں۔ پاکستان کے آخری معرکے میں سوپر اوور کے دوران شکست پر وقارنے کہا کہ دونوں ٹیموں میں سب سے بڑا اور واضح فرق فٹنس کا رہااور چونکہ ٹی 20 بہت تیز کرکٹ ہے جہاں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا مقابلہ نہ کرسکی ، جس کے نوجوان مگر مکمل فٹ کھلاڑی سب سے بڑا فرق ثابت ہوئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ عمر اکمل سمیت کچھ کھلاڑی سیکھنے کی قطعی کوشش نہیں کر رہے اور ان کے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے کہ احمد شہزاد اور صہیب مقصود جیسے کھلاڑی اپنی صلاحیت کو کارکردگی میں کیوں تبدیل نہیں کرسکے۔