دبئی۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا میں 0۔3 کی کلین سویپ کی بدولت تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان سے نیچے پھسل گئی ہے۔ انگلینڈ نے اپنی صورتحال میں ایک مقام کی بہتری کی ہے۔ انگلینڈ نے سیریز کا آغاز106 نشانات پرتیسرے مقام سے کیا تھا ۔ وہ جنوبی افریقہ سے ایک پوائنٹ پیچھے تھا۔ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف 0۔3 کی کامیابی سے دوپوائنٹ کا فائدہ ہوا اوروہ 108 پوائنٹ کے ساتھ جنوبی افریقہ کو پیچھے چوڑکر دوسرے مقام پر پہنچ گیا۔ ہندستان 116پوائنٹ کے ساتھ بدستور پہلے مقام پر فائز ہے۔ دوسری جانب سری لنکا نے سیریزکا آغاز97 پوائنٹ اورچھٹے مقام سے کیا تھا، وہ ساتویں مقام کے پاکستان سے دوپوائنٹ آگے تھا۔ سری لنکا کواس طرح سے چارپوائنٹس کا نقصان ہوا۔ سری لنکا اب 93 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے دوپوائنٹس پیچھے ہوگیا ہے۔ تازہ فہرست میں ہندستان (116) پہلے،انگلینڈ (108) دوسرے، جنوبی افریقہ (106) تیسرے آسٹریلیا (102) چوتھے اورنیوزی لینڈ (101) پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پرہے۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں انگلینڈ نے ہندوستان اور اب سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں فتوحات حاصل کی ہیں۔