انگلینڈ میںہی ٹسٹ کرکٹ اپنی اہمیت کھونے لگی،میدان خالی

برمنگھم۔2 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)ٹسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں نمایاں کمی واقع ہونے لگی کیونکہ روایت پسند انگریز بھی مختصر طرز کی کرکٹ کے دلدادہ ہو چکے ہیں ۔ انگلش ٹیم ایک ہزارویں ٹسٹ کا جشن منا رہی ہے تو ہندوستان کیخلاف سیریز کے اولین مقابلے کے پہلے دن ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ کی خالی سیٹیں منتظمین کومنہ چڑا رہی تھیں۔آئی سی سی کی جانب سے فیوچر ٹور پروگرام میں جس انداز سے ٹی ٹونٹی کرکٹ کو بڑھاوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کے منفی اثرات سامنے آنے لگے ہیں اور انگلش حکام بھی یقینی طور برمنگھم ٹسٹ کے دوران اس چیلنج کا سامنا کریں گے جس سے کھیل کا قدیم ترین فارمیٹ دوچار ہونیوالا ہے۔ انگلش میڈیا کے مطابق برمنگھم میں انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان سیریز کے پہلے ٹسٹ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور پہلے دن17 ہزار شائقین اسٹیڈیم میں آئے اور8 ہزارسیٹیں خالی پڑی رہیں۔ میدان میں آنے والے ایک ہزار افراد کے پاس اعزازی ٹکٹ تھے اور دوسرے دن کیلئے بھی 14ہزار 500 ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں اور آدھا اسٹیڈیم خالی پڑا رہا حالانکہ انگلینڈ میں ٹسٹ میچز میں میدان بھرے ہونے کو روایتی تصور کیا جاتاہے۔ٹسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں کمی کی حقیقت اس وقت بھی سامنے آئی جب ڈومیسٹک انگلش ٹی ٹونٹی ٹورنمنٹ وٹالیٹی بلاسٹ میں ٹکٹوں کی فروخت میں کہیں زیادہ اضافہ ہوا اورگزشتہ برس سال کے اسی حصے تک جتنے شائقین نے مختصر فارمیٹ کے میچز دیکھے تھے ان میں رواں سال80 ہزار افراد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انگلینڈ میں بھی ٹسٹ کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے روایتی شائقین کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔ موجودہ صورت حال ای سی بی کیلئے بھی پریشان کن ہے جسے مستقبل قریب میں نئے میدانوں اور نئے پرستاروں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہوگا کیونکہ برمنگھم میں ہی نہیں بلکہ ایجز باؤل سمیت دیگر میدانوں پر بھی ٹکٹوں کی فروخت نہایت تشویش ناک نظر آرہی ہے۔