لندن ، 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف جاری پانچویں و آخری نیز فیصلہ کن ٹسٹ میں آج یہاں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 385/7 کے ساتھ مہمانوں پر پوری طرح غلبہ حاصل کرلیا ہے۔ السٹیر کک زیرقیادت انگلش ٹیم کو جسے سیریز میں 2-1 کی ناقابل عبور سبقت حاصل ہے، پہلی اننگز کی اساس پر 237 رنز کی ہمالیائی برتری مل چکی ہے کیونکہ مہیندر سنگھ دھونی کی شاندار مزاحمتی نصف سنچری کے باوجود ہندوستانی ٹیم کل پہلے بیٹنگ کی دعوت پر 148 کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
آج کھیل کے اختتام پر پانچویں نمبر کے جوو روٹ 92 اور لوور آرڈر کے کرس جارڈن 19 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اب انگلینڈ کی کوشش یہی رہے گی کہ تیسرے روز مزید اتنے رنز جوڑ لئے جائیں کہ انھیں سیریز 3-1 سے جیتنے کیلئے دوبارہ بیٹنگ نہ کرنا پڑے ۔ اس میچ کی تازہ صورتحال سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ٹیم انڈیا اب بہت اچھا بھی کھیلے تو صرف سیریز شکست کا فرق اقل ترین رکھ سکتی ہے۔ صبح میں انگلینڈ نے 62/0 سے آگے کھیلا اور اوپنرس ایس رابسن اور کپتان کک ترتیب وار 37 اور 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر بیٹسمنوں میں نمایاں 64 رنز جی بیالنس نے بنائے۔ ورون ارون (2/111)، ایشانت شرما (2/58) اور آر اشوین (2/55) نے آپس میں چھ وکٹیں بانٹ لئے جبکہ بھونیشور کمار کو ایک وکٹ ملی۔