انگلینڈ بڑی سبقت حاصل کرنے میں ناکام

مانچسٹر ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اولڈ ٹرافورڈ میں شروع ہوئے چوتھے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستانی ٹیم کو محض 152 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد میزبان انگلش ٹیم بھی پہلی اننگز میں بڑی سبقت حاصل کرنے میں ناکام ہے جیسا کہ تادم تحریر بارش کی وجہ سے مقابلہ جب روکا گیا تو میزبان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان کے بعد 237 رنز اسکور کئے ہیں اور اسے صرف 85 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ انگلش ٹیم کیلئے بہتر خبر یہ ہیکہ اس کے نوجوان اور قابل بھروسہ بیٹسمین جیوروٹ 94 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز اسکور کرلئے ہیں جو کہ ٹسٹ کیریئر کا آغاز کرچکے وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر کے ہمراہ ساتویں وکٹ کیلئے 67 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ہے۔

بٹلر نے 53 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ انگلش ٹیم جس میں آج اپنے کل کے اسکور 113/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور صبح اسے کل کے نائٹ واچ مین جارڈن کی وکٹ جلد گنوانی پڑی۔ جیسا کہ 136 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کو چوتھا نقصان ہوا لیکن اس کے بعد 4 رنز کے اضافہ پر ہی این بیل کی وکٹ ہندوستان کیلئے اہم ثابت ہوئی جنہوں نے 82 گیندوں میں 8 چوکو ں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز اسکور کئے۔ 140 پر پانچویں وکٹ اور 170 پر معین علی کی شکل میں چھٹی وکٹ کے بعد انگلش ٹیم مشکلات میں آ چکی تھی۔ ہندوستان کیلئے بھونیشور کمار نے 47 اور ورن آرون نے 48 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔