دبئی۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریزمیں 5-0 سے وائٹ واش ہونے کے بعد آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم ونڈے درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر آگئی ہے۔ جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کی کلین سوئپ کا فائدہ مل گیا ہے۔پاکستان درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے اور اس مقام پر اسکا موقف مزید مستحکم ہوگیا ہے۔ کوہلی پہلے اور پاکستان کے بابر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔ بولروں میں جسپریب بمراہ پہلے اور پاکستان کے حسن علی تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کو دو سال قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 5-0 سے شکست ہوئی تھی اور انگلش ٹیم نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے اور انگلینڈ بدستور پہلے، ہندوستان دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اورنیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔ بیٹسمینوں میں جانی بیئرسٹو، جوز بٹلر اور جیسن رائے نے ترقی کی ہے، بیئراسٹو 4 درجے ترقی کے ساتھ 11 ویں، پلیئر آف دی سیریز جوز بٹلر دو درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں جبکہ جیسن رائے تین درجے کی ترقی کرتے ہوئے 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ایک ایک درجہ بہتری کے ساتھ الیکس ہیلز 22 ویں اور موگرن 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں عادل رشید تین درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں جبکہ معین علی 13 درجے کی لمبی چھلانگ کے ساتھ 12 ویں مقام پر آگئے ہیں۔