انگلینڈ اشوین سے ہوشیار رہے، پیٹرسن کا مشورہ

لندن، 3نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے ہندوستان کے دورے پر انگلش بیٹسمنوں کیلئے آف اسپنر روی چندرن اشوین کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راجکوٹ میں ہوگا ۔ انڈیا نے 15رکنی ٹیم میں تین گیندبازوں اشوین، امیت مشرا اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کو شامل کیا ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم جب پچھلی بار 2012ء میں انڈیا کے دورے پر آئی تھی، اس وقت اشون نے چار میچوں میں صرف 14وکٹ لئے تھے لیکن اس کے بعد سے اشوین کے کھیل میں کافی بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔ پیٹرسن نے کہا، ’’اشوین ایک بہترین گیندباز ہیں۔ ان کے پاس ایسی تکنیک ہے جو ہمیشہ بلے بازوں کو پریشانی میں ڈالتی ہے ۔وہ ہمیشہ جارحانہ ہوکر کرکٹ کھیلتے ہیں اور بلے بازوں کو پریشان کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘اشوین ہندوستان میں کھیلے گئے 22 ٹسٹ میچوں میں اب تک 153 وکٹ لے چکے ہیں۔
رہانے نے بائرن میونخ کے روبین کو جرسی بھیجی
نئی دہلی، 3نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بلے باز اجنکیا رہانے نے دیوالی پر بائرن میونخ کے اسٹار کھلاڑی آرجین روبین سے ملے تحفے کے بعد انہیں اپنی نیشنل ٹیم کی جرسی پیش کی ہے۔ روبین نے دیوالی پر رہانے کو بائرن میونخ کی جرسی تحفے میں دی تھی جس پر رہانے کا نام اور نمبر 27 لکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے میونخ کے اسٹار کھلاڑی ہالینڈ کے روبین کو اپنے نام کی نیشنل ٹیم کی جرسی پیش کی ہے ۔ رہانے نے تحفہ ملنے کے بعد اس کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا: ’’ہیپی دیوالی اور اس خاص تحفہ کے لئے آپ کا شکریہ۔‘‘ وہیں اب رہانے کا تحفہ ملنے کے بعد بندیل سیگا چمپئن بھی کافی خوش ہیں۔ بائرن میونخ نے بھی ٹوئٹر پر لکھا: ’’ہمیں خوشی ہے کہ آپ کو دیوالی کا تحفہ پسند آیا ہے ۔ آرجین روبین کو بھی آپ کا تحفہ پسند آیا۔‘‘ روبین نے بھی رہانے کی جرسی کو تھام کر لی گئی ایک تصویر پیش کی ہے ۔